روم: اٹلی میں ساس بہو کی لڑائی سے غیر ملکی خاندان مشکل میں آگیا، بہو اپنی ساس اور شوہر کے خلاف شکایت لے کر پولیس کے پاس پہنچ گئی، جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی، خاتون اور بچوں کو تحویل میں لیتے ہوئے انہیں شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے ساحلی شہر Ancona میں یہ کیس سامنے آیا ہے، جہاں تیونس سے تعلق رکھنے والا جوڑا مقیم تھا، ان کے 2 بچے بھی تھے، جبکہ شوہر کی ساس بھی ان کے ساتھ رہتی تھی، گھر کا سربراہ 40 سالہ تیونسی شہری مقامی بندرگاہ پر کام کرتا ہے، تاہم اب اس کی 27 سالہ بیوی نے پولیس سے رابطہ کرکے اپنے شوہر اور ساس کی شکایت کردی ہے، خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر اسے نفسیاتی طور پر پریشان کرتا ہے، اور اسے گھر سے بھی بہت کم نکلنے کی اجازت دی جاتی ہے، ساس ہر وقت اس پر نظر رکھتی ہے، اور صرف دکان تک اسے جانے کی اجازت تھی،
مذکورہ خاتون کو اطالوی زبان بھی نہیں آتی، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق خاتون نے گھر سے باہر آکر کسی راہ گیر سے فون مانگ کر پولیس سے رابطہ کیا، خاتون کو اطالوی زبان نہ آنے کےباوجود پولیس ان کے فون کرنے پر یہ سمجھ گئی کہ انہیں مدد کی ضرورت ہے، اور پولیس کی گاڑی فوری وہاں پہنچ گئی ، بعد ازاں مترجم کی مدد سے اس سے معلومات لی گئیں، جس کے بعد خاتون اور اس کے دو بچوں جن کی عمریں 5 اور 3 برس ہیں، شیلٹر ہوم منتقل کردیا گیا ہے،