گولڈن پاسپورٹ والوں کیلئے’’گولڈن سہولت‘‘ ختم کرنے کی تجویز تیار

0

برسلز: پیسے کے زور پر گولڈن پاسپورٹ لے کر ’’گولڈن سہولت‘‘ سے فائدہ اٹھانے والے افراد کیلئے یہ سہولت ختم کرنے کی تجویز تیار، یورپی یونین نے گولڈن پاسپورٹ والوں کا ویزا فری داخلہ روکنے کے لئے مسودہ تیار کرلیا ، اس معاملے پر پہلے ہی گولڈن پاسپورٹ جاری کرنے والے ممالک کو کئی بار انتباہ کئے جاچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مالٹا، سائپرس، مونٹی نیگرو، البانیہ اور مالدووا سمیت یورپی ممالک میں ویزا فری انٹری رکھنے والے کئی ممالک اور جزائر گولڈن پاسپورٹ کی اسکیمیں جاری کرتے رہتے ہیں، جس کے تحت ایک مخصوص رقم کی سرمایہ کاری یا بینک میں جمع کرانے پر غیرملکی سرمایہ کار کو گولڈن پاسپورٹ یعنی اس ملک کی شہریت دے کر پاسپورٹ جاری کردیا جاتا ہے، اس طرح وہ غیر ملکی یہ پاسپورٹ ملنے پر یورپی یونین میں بھی ویزا فری انٹری کا حقدار ٹھہرتا ہے، اس طرح کی اسکیموں سے ان ملکوں کو تو سرمایہ حاصل ہوتا ہے، تاہم یورپی یونین گولڈن پاسپورٹ اسکیموں پر وقتاً فوقتاً تحفظات ظاہر کرتی رہی ہے، کیوں کہ اسے خدشہ ہے کہ اس اسکیم کے ذریعہ جرائم پیشہ عناصر بھی ان ممالک کا پاسپورٹ حاصل کرکے یورپی یونین کے ویزا فری سفر کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

تاہم اب یورپی یونین نے گولڈن پاسپورٹ والوں کا ویزا فری داخلہ روکنے کے لئے عملی اقدام اٹھانے کی تیاری کرلی ہے، اور یورپی کمیشن نے یہ تجویز پیش کر دی ہے کہ ویزا فری انٹری کی سہولت رکھنے والے جنوبی بحرالکاہل کے جزائر پر مشتمل ریاست ’’وانوآتو‘‘ (Vanuatu) کے شہریوں کے لئے یورپی یونین میں ویزا فری داخلہ کی سہولت ختم کردی جائے۔

’’وانوآتو‘‘ کی حکومت نے غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر گولڈن پاسپورٹ کی اسکیم شروع کررکھی ہے، اور یورپی یونین کے اعتراض کے باوجود وہ جاری ہے، جس پر یورپی کمیشن نے ’’وانوآتو‘‘ کے پاسپورٹ ہولڈرز کے لئے ویزا فری انٹری کی سہولت ختم کرنے کی تجویز دی ہے، اس تجویز پر یورپی یونین کے رکن ممالک فیصلہ کریں گے، اور منظوری کی صورت میں گولڈن پاسپورٹ اسکیمیں چلانے والے دیگر ممالک کے لئے بھی مشکل کھڑی ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیسے دو، یورپی پاسپورٹ لو، اسکیم کا مستقبل خطرے میں پڑگیا

یہ بھی پڑھیں: یورپی پاسپورٹ خریدنے والوں کیلئے بری خبر

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل یورپی یونین کے تحفظات پر سائپرس نے سرمایہ کاری کے ذریعہ شہریت کا پروگرام معطل کردیا تھا، انہوں نے پروگرام کی معطلی کا فیصلہ اس قانون کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آنے پر کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.