یورپی پاسپورٹ خریدنے والوں کیلئے بری خبر

0

نکوسیا: یورپی پاسپورٹ پیسے سے خریدنےوالوں کے راستے بند ہونے شروع ہوگئے، سائپرس نےسرمایہ کاری کے ذریعہ شہریت کا پروگرام معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، فیصلہ ایسی شکایات سامنے آنے پر کیا گیا ہے،جن کے تحت اس قانون کا غلط استعمال بھی کیا جا رہا تھا، یورپی یونین نے بھی ان شکایات کا نوٹس لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قبرص حکومت نے 2013 سے غیرملکی سرمایہ کاروں کو 20 لاکھ  یورو کے برابر سرمایہ کاری پر شہریت دینے کا منصوبہ شروع کر رکھا تھا، اسکیم کے تحت 4 ہزار سے زائد غیر ملکی سرمایہ کار قبرص کی شہریت حاصل کرکے یورپی یونین کے 27 ممالک میں آزادانہ آمد ورفت اور قیام کی سہولت حاصل کرچکے ہیں، تاہم اسکیم سے قبرص حکومت کو 7 ارب یورو کی آمدنی ہوئی ہے، اس وقت بھی قبرص حکومت کے پاس 635 غیرملکی سرمایہ کاروں کی شہریت کیلئے درخواستیں زیر التوا ہیں۔

اسکیم کی معطلی

قبرص حکومت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کی معطلی کا فیصلہ ایسی شکایات سامنے آنے پر کیا گیا ہے، جن کے تحت اس قانون کا غلط استعمال بھی کیا جا رہا تھا، لہذا یکم نومبر سے اس اسکیم کو معطل کردیا جائے گا، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومتی چھان بین سے پتا چلا تھا کہ کئی درخواست دہندگان ایسے تھے، جو مختلف مالیاتی جرائم میں ملوث تھے، اور انٹرپول کو بھی مطلوب تھے، کئی درخواست گزاروں پر منی لانڈرنگ، جعلسازی، ٹیکس چوری یا رشوت خوری کا شبہ تھا۔

الجزیرہ  چینل نے بھی اس حوالے سے ایک اسٹوری کی تھی، جس میں ایک فرضی چینی بزنس مین جس کا مجرمانہ ریکارڈ بھی ہو، اسے اسکیم کے تحت قبرصی حکام فائدہ پہنچانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ الجزیرہ کے اسٹنگ آپریشن میں قبرص کے اسپیکر دمترس سلیورس کا نام بھی آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے تحقیقات مکمل ہونے تک عہدہ چھوڑنا کا اعلان کیا تھا۔

قبرص کے علاوہ مالٹا اور بلغاریہ نے بھی  سرمایہ کاری پر شہریت دینے کی  اسکیمیں  شروع کررکھی ہیں، تاہم یورپی یونین ایسی اسکیموں پر تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.