اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کیس کی گتھی سلجھنے کے قریب؟

0

روم۔ اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس کی گتھی سلجھنے کی نئی امید پیدا ہوگئی ، اطالوی تفتیش کاروں کو ثمن کے لاپتہ ہونے کے 8 ماہ بعد کیس حل کرنے کے لئے امید کی نئی کرن نظر آئی ہے، اور انہوں نے اس حوالے سے اہم احکامات بھی جاری کردئیے ہیں،جن کانتیجہ جلد متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ریجو ایمیلیا کے علاقے Novellara (نووی لارا) میں اپریل کے آخری دنوں میں لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی 18 سالہ ثمن عباس کا کیس اب تک حل طلب ہے، اگرچہ اطالوی حکام کو یقین ہے کہ ثمن عباس اب دنیا میں نہیں ہے، اور انہوں نے اس حوالے ثمن کے والدین، چچا اور 2 کزنز کے خلاف مقدمہ بھی درج کرکے فرانس کی مدد سے اس کے ایک کزن اکرام اعجاز کو گرفتار بھی کرلیا تھا، جبکہ ثمن کا چچا دانش حسین بھی فرانس میں گرفتار ہے، اور اس کی حوالگی کا کیس زیر سماعت ہے، جبکہ ثمن کے والد شبیر اوروالدہ نازیہ شاہین واقعہ کے بعد پاکستان چلے گئے تھے، اس کے ایک کزن نعمان کے بارے میں اطالوی حکام کو شبہ ہے کہ وہ اب بھی یورپ میں ہی کہیں روپوش ہے، کیوں کہ اس کے باہر جانے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی نے پاکستان سے ’ثمن عباس‘ کے والدین کی حوالگی کا مطالبہ کردیا

تاہم 8 ماہ کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود اطالوی حکام اب تک ثمن عباس کو تلاش نہیں کرسکے، اس کے گرفتار کزن سے بھی کوئی معلومات نہیں ملیں، تاہم اب اطالوی حکام کو ثمن عباس کی تلاش کے لئے امید کی نئی کرن نظر آئی ہے۔

ریجو ایمیلیا کے پراسیکیوٹر آفس نے Parma کے حکام سے کہا ہے کہ وہ ساحلی علاقے سے ملنے والی انسانی باقیات کا تجزیہ کرائیں گے، جو ثمن عباس کی بھی ہوسکتی ہیں، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ نے ایک مقامی اخبار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ انسانی ہڈیاں اور باقیات 3 نومبر کو Lido Po di Boretto کے ساحلی علاقے سے کارا بیری پولیس کو ملی تھیں، ڈپٹی پراسیکیوٹر لارا گیلی نے ان انسانی باقیات کا ڈی این اے کرانے کا حکم دیا ہے، تاکہ پتہ چلایاجاسکے کہ یہ باقیات ثمن عباس کی تو نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کا چچا فرانس سے پکڑا گیا، سراغ کس طرح ملا ؟

اطالوی حکام کے شبہ کی وجہ ثمن کے چھوٹے بھائی کا دیا گیا وہ بیان ہے،جس میں اس نے بتایا تھا کہ اس نے گھر میں ایسی باتیں سنی تھیں کہ ثمن کو ٹکڑے کرکے دریا میں بہادیا جائے، رپورٹ کے مطابق ملنے والی باقیات ثمن کی ہیں یا نہیں، اس کی تصدیق کے لئے متعلقہ حکام کو اس کے چچا دانش حسین کے کچھ کپڑے بھی دئیے گئے ہیں، پیرس میں گرفتار دانش حسین کو ہی اس معاملے کا مرکزی کردار تصور کیا جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.