لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کا چچا فرانس سے پکڑا گیا، سراغ کس طرح ملا ؟

0

روم: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی کے کیس میں مطلوب اس کا چچا بالاخر 5 ماہ بعد فرانس سے گرفتار کرلیا گیا ہے، اتنے عرصے بعد مطلوب پاکستانی نے کون سی غلطی کی جس سے وہ پکڑا گیا، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئی ہیں ،دوسری طرف اطالوی حکام نے اسے اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ گرفتاری کیس حل کردے گی، تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے ریجو ایمیلیا میں اپریل میں لاپتہ ہونے والی 18 سالہ پاکستانی لڑکی کا مفرور چچا دانش حسین بالاخر تقریباً 5 ماہ بعد فرانس سے پکڑا گیاہے، اس کی گرفتاری پیرس کے علاقے سینٹ ڈینس اسٹیڈیم کے قریب سے ہوئی ہے، جہاں وہ کچھ دیگر پاکستانیوں کے ساتھ رہ رہا تھا، فرانسیسی پولیس نے یورپی وارنٹ پر اسے گرفتار کیا ہے، جو اٹلی نے جاری کررکھا تھا، برطانوی اخبار ’’میل ‘‘ کے مطابق 33 سالہ دانش حسین کے پاس کسی قسم کی شناختی دستاویز نہیں تھیں، تاہم اسے ماتھے پر موجود تل سے شناخت کیا گیا، اور بعدازاں اس کے فنگر پرنٹ لے کر بھی تصدیق کرلی گئی۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ ثمن کیس میں ماسٹر مائنڈ بظاہر دانش حسین ہی ہے، اور اس کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، اس سے پہلے جون میں اس کیس میں ثمن کا کزن اعجاز بھی فرانس سے ہی گرفتار ہوا تھا، جب وہ اسپین جانے کی کوشش کررہا تھا، اس طرح اب کیس میں دو گرفتاریاں ہوگئی ہیں، جبکہ اطالوی حکام کو یورپ میں ہی کہیں موجود اس کے دوسرے کزن نعمان الحق اور پاکستان میں موجود ثمن کے والدین شبیر حسین اور والدہ نازیہ شاہین بھی کیس میں مطلوب ہیں۔

پولیس نے کیسے سراغ لگایا؟

برطانوی اخبار کے مطابق دانش حسین کی کئی ماہ سے تلاش تھی، لیکن بالاخر اب سوشل میڈیا کے ذریعہ حکام اس تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، اور فرانسیسی پولیس نے چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیا ۔ رپورٹ میں سوشل میڈیا کے ذریعہ گرفتاری کی زیادہ تفصیل نہیں دی گئی ، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ دانش حسین نے یا تو اپنا سوشل میڈیا اکاوئنٹ استعمال کیا ہے، یا پھر اس نے اپنی تصویر خود یا اس کے کسی ساتھی نے پوسٹ کی ہوگی، جس کی مدد سے پولیس کو اس تک پہنچنے میں مدد ملی، برطانوی اخبار نے اس کی جو تصویر شائع کی ہے، اس میں وہ کلین شیو نظر آرہا ہے، جب کہ اس کی ہلکی داڑھی اور مونچھوں والی پہلے کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، ریجو ایمیلیا کی پراسیکیوٹر عزابیل چیسی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اب تک ثمن کیس پر ہوئی تحقیقات کے نتیجے میں ہمیں یقین ہے کہ اس واردات کا ماسٹر مائنڈ دانش حسین ہی تھا، اسی نے ثمن کے والدین کو ٹکٹ کراکے پاکستان بھیجا تھا، اور وہ ثمن کے لاپتہ ہونے والے دن 29 اپریل کو آخری سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی نظر آرہا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.