گھر بیٹھے ہی سہولت حاصل کریں، حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی سہولت دیدی

0

کراچی: حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ایک اور بڑی سہولت دے دی، سفارتخانے یا قونصلیٹ جائے بغیر بیرون ملک گھر بیٹھے اہم دستاویز تیار کراسکیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے نادرا کی متعارف کرائی گئی نئی سہولت کا افتتاح کردیا ہے۔ دستاویز تیار کرنے کا اہم طریقہ کار بھی سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ اپلائی کرنے ، بینک اکاؤنٹ کھولنے جیسی سہولت دینے کے بعد ایک اور بڑا تحفہ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاور آف اٹارنی سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سہولت کی بدولت اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی کے لئے سفارت خانے یا قونصل خانے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن پاور آف اٹارنی حاصل کر سکیں گے، اس طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خرچ اور وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ آسانی بھی پیدا ہو جائے گی۔

اس سے پہلے اوورسیز پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی کے حصول کے لیے طویل سفر طے کر کے متعلقہ ملک کے سفارت خانے یا قونصلیٹ جانا پڑتا تھا۔ نادرا نے وزارت خارجہ کے اشتراک سے اس سلسلے میں آن لائن نظام متعارف کیا ہے، چیئرمین نادرا طارق ملک کے مطابق ہر سال 73 ہزار سے زائد سمندر پار پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی کے حصول کے لئے ذاتی طور پر اپنے متعلقہ ملک کے پاکستانی مشن یا سفارت خانوں میں جانا پڑتا تھا، ابتدائی طور پر یہ آن لائن سروس بیرون ملک پاکستان کے 10 مشن میں شروع کی گئی ہے۔

اور عنقریب تمام دیگرسفارتی مشنز میں بھی سروس فراہم کر دی جائے گی۔ پہلے مرحلے کے 10 مشن میں امریکہ میں واشنگٹن ، نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن اور لاس اینجلس جبکہ برطانیہ میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر، گلاسکو اور بریڈ فورڈ کے پاکستانی سفارتی مشن شامل ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: اوورسیز سمیت تمام پاکستانی گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے، نئی ایپ متعارف

طریقہ کیا ہوگا؟

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق درخواست گزار کو سادہ کاغذ پر اپنے اور دو گواہوں کے انگوٹھے کے نشانات لگا کر انہیں اسکین کرنا ہوگا، پھر اپ لوڈ کرنا ہو گا ،جن کی تصدیق نادرا کے ڈیٹا بیس سے کی جائے گی، بایو میٹرک تصدیق کے بعد نادرا کی جانب سے وڈیو انٹرویو ماڈیول کا انتظام کیا گیا ہے، متعلقہ پاکستانی مشن کے قونصلرآفیسر اس درخواست دہندہ اور اس کے گواہان کا انٹرویو کریں گے، جس کے بعد پاور آف اٹارنی جاری کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.