اسپین والوں کی موجیں، حکومت نے سب کی تنخواہیں بڑھادیں
میڈرڈ: اسپین میں رہنے والوں کے لئے خوش خبری ہے۔ ان کی تنخواہوں میں اضافہ ہونے والا ہے، جس سے انہیں مہنگائی کے اثرات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک میں کم ازکم تنخواہ میں اضافے کے لئے حکومت اور یونینوں کے درمیان معاہد ہ پر اتفاق ہوگیا ہے۔
اگلے دو برسوں میں تنخواہ کہاں تک بڑھائی جائے گی، اس حوالے سے بھی حکومت نے عندیہ دے دیا ہے، تفصیلات کےمطابق کرونا کی وبا کے بعددنیا بھر میں جاری مہنگائی کی شدید لہر سے خوش حال یورپی ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں، ایسے میں مختلف ملکوں میں تنخواہوں میں اضافے کے لئے مطالبات اور احتجاج سامنے آئے ہیں، تاہم اسپین میں حکومت نے مزدوروں کی یونینوں کے ساتھ کم ازکم تنخواہ میں اضافے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کا اطلاق بھی یکم ستمبر سے کردیا گیا ہے، یعنی اگلے ماہ لوگوں کو جو تنخواہ ملے گی، اس میں اضافہ شامل ہوگا۔ معاہدہ کے تحت کم ازکم تنخواہ 965 یورو ماہانہ مقرر کی گئی ہے، جو اس سے پہلے 950 یورو تھی، اس طرح کم ازکم تنخواہ میں 15 یورو ماہانہ کا اضافہ کیا گیا ہے، اسپین میں اس وقت مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے، اس لحاظ سے یہ اضافہ کم ہے، تاہم اس اضافے سے بالخصوص کم تنخواہ والے افراد کو کچھ نہ کچھ سہارا ملے گا، اگرچہ حکومت اور یونینوں کے درمیان کم ازکم تنخواہ بڑھانے پر معاہدہ ہوگیا ہے، تاہم یونینوں کا مطالبہ تھا کہ حکومت اگلے دو سالوں میں تنخواہ میں کئے جانے والے اضافے کا بھی تعین کرے۔
اس حوالے سے ورکرز کمیشن (CCOO) کے سیکریٹری جنرل Unai Sordo کا کہنا تھا کہ 2022 میں کم ازکم تنخواہ ایک ہزار یورو کرنے کا اعلان کیا جائے ، اسی طرح 2023 کیلئے اضافہ کا اعلان ہوناچاہئے، اس حوالے سے ہسپانوی وزارت لیبر کا کہنا ہے کہ کم ازکم تنخواہ میں یکم ستمبر سے جو اضافہ کیا گیا ہے، یہ 2023 میں کم ازکم تنخواہ 1049 یورو تک لے جانے کے وعدے کی طرف پیش رفت ہے،
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں بے روزگاری الاؤنس میں اضافہ، اپوزیشن نے مذاق قرار دیدیا؟
کاروباری برادری کا ردعمل
دوسری طرف کاروباری برادری یعنی ملازمتیں دینے والوں کی ایسوسی ایشن نے تنخواہ میں اضافہ کو مسترد کردیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اس معاہدہ کا حصہ نہیں۔ ان کی تنظیم Confederación Española de Organizaciones Empresariales (CEOE) کے صدر Antonio Garamendi کا کہنا تھا کہ کم ازکم تنخواہ میں اضافہ سے قانونی ملازمتیں کم ہوجائیں گی، جبکہ انڈ ر گراونڈ معیشت بڑھے گی۔