امریکہ محفوظ فہرست سے خارج، کرونا نے یورپ کیلئے پھر سے خطرہ کی گھنٹی بجادی
برسلز: یورپی یونین نے امریکہ سمیت 6 ممالک میں کرونا کی صورت حال بگڑنے پر انہیں محفوظ ممالک کی فہرست سے خارج کردیا ہے، اور شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، اٹلی میں بھی کیس بڑھنے لگے ہیں۔
فصیلات کے مطابق یورپی یونین نے امریکہ سمیت 6 ممالک میں کرونا کیس بڑھنے پر انہیں محفوظ ممالک کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ہے، دیگر ممالک میں اسرائیل، کوسوو، لبنان، مونٹی نیگرو اور شمالی مقدونیہ شامل ہیں۔ یورپی یونین نے رکن 27 ممالک کو سفارش کی ہے کہ وہ امریکی سیاحوں پر لگائی گئی پابندیاں دوبارہ بحال کردیں، اور شہری بھی امریکہ سمیت ان 6 ممالک کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ان ممالک سے آنے والے مسافروں پر جو پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں، ان میں لازمی قرنطینہ، یورپی ممالک آمد پر اضافی ٹیسٹنگ سمیت غیر ضروری سفر کی حوصلہ شکنی شامل ہے، تاہم یہ واضح رہے کہ یورپی یونین کی ان سفارشات پر عمل کرنا یورپی یونین کے رکن ممالک کے لئے لازمی نہیں ہے، اور وہ اپنی پالیسی کے مطابق بھی فیصلے کرسکتے ہیں، یورپی کونسل ہر دو ہفتے بعد مختلف ممالک میں کرونا صورتحال کا جائزہ لے کر محفوظ فہرست کا فیصلہ کرتی ہے اور محفوظ ملک رہنے کا معیار ایک لاکھ افراد میں 75 سے زیادہ کیس نہ آنا ہے، لیکن امریکہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صورتحال تیزی سے بگڑی ہے، اور یومیہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کیس آرہے ہیں،جبکہ اموات بھی ہر روز اوسطاً 1200 تک ہیں۔
اس دوران یورپ میں بھی کرونا کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے خطرے کا الارم بجادیا ہے، اور کہا ہے کہ براعظم یورپ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں تشویش ناک اضافہ ہو ا ہے، عالمی ادارے کے یورپ کے لیے ڈائریکٹر ہانس کلُوگے نے کوپن پیگن میں پریس کانفرنس میں کہا کہ نئی انفیکشنز کی شرح میں اضافے کے دو بڑے اسباب ویکسین لگانے کی رفتار میں کمی اور مختلف ممالک میں شہریوں کی سیاحتی سرگرمیاں بنی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی نے ویکسین لگوانے والوں کیلئے قرنطینہ کی شرط ختم کردی
چھٹیوں سے واپس آنے والے شہریوں کی وجہ سے بھی نئے کرونا کیسز بڑھے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یورپی ممالک نے وبا کے حوالے سے سستی دکھائی تو دسمبر تک صورتحال بہت بگڑنے کا خدشہ ہے۔ اس دوران پیر کو اٹلی میں بھی وائرس کی شرح 2.67 فیصد سے بڑھ کر 3.88 فیصد ہوگئی ہے، مزید 4257 نئے مریض اور 53 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔