اسلام آباد: حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے ایک اور بڑا اقدام اٹھالیا، اسلام آباد میں بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، تکمیل سے ہزاروں افراد کو روزگار اور ملک کو زرمبادلہ حاصل ہوگا، 12 منزلہ عمارت کی تعمیر کے لئے جنوبی کوریا نے نرم شرائط پر قرضہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، 15 ایکڑ پر تعمیر کئے جانے والے اس آئی ٹی پارک کے لئے جنوبی کوریا کا تعاون بھی حاصل ہے، منصوبے کی تکمیل سے 15 ہزار پروفیشنل نوجوانوں کو براہ راست روزگار ملے گا، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدت بھی مزید بڑھیں گی، جو پہلے ہی گزشتہ ایک برس میں 47 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر سے بھی بڑھ گئی ہیں، برآمدات میں تیزی سے اضافے کے بعد حکومت نےانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر مزید توجہ اور سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کی ہے، اسلام آباد آئی ٹی پارک بھی اس پالیسی کا حصہ ہے۔
منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا تھا کہ آئی ٹی پارک سے نہ صرف ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی، بلکہ ملک کو کئی ملین ڈالر کا ریونیو بھی حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا عکاس ہے، 12 منزلہ عمارت کی تعمیر کے لئے جنوبی کوریا نے نرم شرائط پر قرضہ دیا ہے۔