مردہ افراد پر ہاتھ صاف کرنےوالی یورپی مائی پکڑی گئی
برسلز: آپ نے کفن چوروں کے بارے میں تو سنا ہوگا، اور اس پر بہت سی کہاوتیں بھی بنی ہیں، لیکن ہم آج آپ کو ایک یورپی کفن چور بزرگ خاتون سے ملوائیں گے، جو کفن تو نہیں لیکن مردہ افراد کی قیمتی چیزوں پر ہاتھ کی صفائی دکھاتی تھی۔
لیکن وہ کہتے ہیں ناں کہ چور ایک نہ ایک دن پکڑا ہی جاتا ہے، اور یہ یورپی بزرگ خاتون بھی بالاخر اپنے ملک کی پولیس کے ہاتھوں پکڑی ہی گئی ہے، جی ہاں، ہم آپ کو فرانس کی ایک 60 سالہ بزرگ خاتون کی اسٹوری سنا رہے ہیں، جسے پولیس نے اب گرفتار کرلیا ہے، فرانسیسی میڈیا کے مطابق شمالی فرانس کے قصبے میں رہائش پذیر یہ عورت مردہ افراد کا دیدار کرنے کے بہانے ہاتھ کی صفائی Liévin دکھاتی تھی، علاقے میں ایک فوتگی ہوئی، تو یہ خاتون بھی مردہ خانے پہنچ گئی، اور مرنے والی خاتون کی عزیزوں کو بتایا کہ متوفیہ سے اس کی جان پہنچان اور دوستی تھی، لہذا اسے بھی آخری دیدار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں چوروں کا کمال، شہر کے بیچ سے تاریخی سامان لے اڑے
جس پر متوفی کے عزیزوں نے اسے مردہ خانے کے اندر رکھے تابوت تک جانے کی اجازت دے دی، لیکن جب یہ بزرگ خاتون واپس چلی گئی، تو بعد میں میت کے عزیزوں کو پتہ چلا کہ مرنے والی خاتون کا ہار، انگوٹھی اور جھمکے غائب ہیں۔ اس پر لواحقین نے فوری مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس نے تحقیقات کرنے کے بعد جلد ہی بزرگ خاتون کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے اس کے قبضے سے میت سے چرائے گئے ہار سمیت دیگر جیولری بھی برآمد کرلی، بعد ازاں دوران تفتیش پولیس کو مزید انکشاف ہوا کہ یہ خاتون مردوں کا سامان چرانے کی عادی ملزمہ ہے، اور اس نے مردہ خانے میں رکھی ایک اور لاش سے بھی اس کا بٹوہ چرایا تھا، خاتون کے گھر کی تلاش کے دوران پولیس کو بڑی تعداد میں ڈیتھ نوٹس ملے ہیں، جن میں وہ کوڈ بھی تھے، جو مرنے والوں کے لواحقین کو اپنے عزیز کی لاش دیکھنے کے لئے دئیے جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں تارک وطن چوروں کی دوسرے تارک وطن کو لوٹنے کی کوشش مہنگی پڑگئی
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں انوکھی چوریاں کرنے والا تارک وطن پکڑا گیا
چور بزرگ خاتون ان کوڈز کے ذریعہ مردہ خانے میں رسائی حاصل کرکے مردوں کے جسم میں موجود قیمتی چیزیں چرایا کرتی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو اب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔