جرمنی میں چوروں کا کمال، شہر کے بیچ سے تاریخی سامان لے اڑے 

0

برلن: جرمنی میں چوری کی انوکھی وارادت ہوئی ہے، جس میں نامعلوم چور تاریخی اہمیت کے حامل ٹاور پر لگی قیمتی پلیٹیں چرا کر لے گئے، حکام کو  علم بھی کافی عرصہ بعد ہوسکا ہے، اور یہ بھی واضح نہیں کہ پلیٹیں کب چورائی گئی ہیں، چوری کی اب تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برلن کی تاریخی یادگار وکٹری کالم (Victory Column monument) پر بڑی چوری کا انکشاف ہوا ہے، مصروف چوراہے پر ہونے کے باوجود نامعلوم چور تاریخی اہمیت کے حامل اس ٹاور سے تانبے کی پلیٹیں چوری کرکے لے گئے ہیں، جرمن پولیس کا کہنا ہے تاریخی یادگار  کے داخلی راستے سے پلیٹیں اور کچھ دیگر مواد چوری کیا گیا ہے، اس کا انکشاف مرمت کے کام کے دوران ہوا ہے، جمعہ کو مرمتی کام کے دوران کارکنوں نے دیکھا کہ تاریخی یادگار کی چھت کو کور کرنے والی پلیٹوں کا بڑا حصہ غائب ہے۔

اس چوری کی واردات کا جمعہ کے روز اس وقت معلوم ہوا جب ڈسٹرکٹ آفس کی طرف سے بھیجے گئے گٹر چیک کرنے والے ورکرز نے چھت پر تانبے کی پلیٹوں کے بڑے حصے کو غائب پایا۔ پولیس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ چوری کب ہوئی اور کس نے کی۔ درایں اثناء پولیس نے ‘تاریخی اور اہم مواد‘ کی چوری کے حوالے سے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ جرمن اخبار کا کہنا ہے کہ تاریخی اہمیت کی حامل پلیٹوں کی چوری سے لاکھوں یورو کا نقصان ہوا ہے، یہ تاریخی وکٹری کالم برلن شہر کے مرکزی حصے میں واقع ہے۔

اس وکٹری کالم کو شہر کی اہم پہچان کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ برلن میں واقع اس وکٹری کالم یا فتح کا ستون کو سن 1864 سے 1871 کے دوران جرمنی کی آسٹریا، فرانس اور ڈنمارک کے خلاف فتوحات کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کا ڈیزائن مشہور آرکیٹیکٹ ہائنرش اشٹراک نے بنایا تھا۔ اس کا افتتاح دو ستمبر سن 1873 کو کیا گیا تھا۔

وکٹری ٹاور، برلن

جرمنی میں حالیہ کچھ برسوں  کے دوران میوزیم سمیت اہم تاریخی مقامات سے چوریوں کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں، ان میں 2017 میں برلن کے ہی میوزیم سے 24 قیراط کا سونے کا بڑا سکہ چوری ہونا بھی شامل ہے، جبکہ ڈریسڈن کے میوزیم سے 18 ویں صدی کی جیولری چرالی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.