دبئی جانے والوں کیلئے خوشخبری، سفر میں ایک اور رکاوٹ دور ہوگئی
دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی واپس جانے والوں کے لئے مزید خوش خبری آگئی، واپس جانے کا پچیدہ عمل دبئی کے حکام نے ختم کردیا، اب واپسی کے لئے ویزے کے بعد کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ آپ بغیر کسی پچیدہ عمل کے دبئی پہنچ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی نے پاکستان سمیت بیرون ملک سے وزٹ ویزہ اور انٹری پرمٹ پر آنے والوں کیلئے پیشگی اجازت کی شرط کو ختم کردیا ہے ۔ امارات ائرلائن نے ٹوئٹ میں اس کا اعلان کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نئے وزٹ ویزہ اور انٹری پرمٹ رکھنے والوں کو دبئی سفر کیلئے آئی سی اے یا پھر جی ڈی آرایف اے سے پہلے اجازت لینے کی شرط ختم کردی گئی ہے، اور اب وہ کسی قسم کی اجازت کے بغیر دبئی کا سفر کرسکیں گے۔
البتہ مسافروں کو کرونا سے متعلق ایس او پیز پورے کرنے ہوں گے، جن میں سفر سے 48 گھنٹے قبل کا پی سی آر منفی ٹیسٹ اور 6 گھنٹے قبل کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ شامل ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق ٹرانزٹ مسافروں پر بھی ہوگا۔ ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی سفری ہدایات جلد ہی امارات ائرلائن کی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کردی جائیں گی۔ یاد رہے امارات نے تمام اقسام کے ویزوں پر پابندی اٹھالی ہے اور پیر سے وزٹ ویزوں کا اجرا بھی شروع کیا گیا ہے۔