جرمنی میں ملک گیر آپریشن، کیا کیا ملا؟

0

برلن: جرمنی میں انسانی اسمگلرز کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے، جس میں سینکڑوں اہلکاروں نے حصہ لیا اور اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں چھاپے مارے گئے ہیں، جبکہ سلوا کیہ میں بھی کارروائی کی گئی ہے، اس دوران اہم ریکارڈ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمن پولیس نے انسانی اسگلنگ کے ایشیائی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے، اس آپریشن کے دوران نہ صرف جرمنی بلکہ سلواکیہ کے تعاون سے وہاں بھی چھاپہ مارا گیا ہے، پولیس کو اس دوران 70 سے زائد افراد اور اہم دستاویزات ہاتھ لگی ہیں، جبکہ دو خواتین انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس نے یہ چھاپے برلن، ہیمبرگ، نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور سیکسونی ریاستوں میں مارے ہیں، جن کے دوران حکام کے مطابق انسانی اسمگلرز کے بڑے نیٹ ورک کو بڑا دھچکہ پہنچایا گیا ہے، مجموعی طور پر 33 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور اس آپریشن میں 700 سے زائد جرمن اہلکار شریک ہوئے، جس سے آپریشن کی وسعت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے.

آپریشن میں کیا ملا؟

حکام کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران 33 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جبکہ سلواکیہ میں بھی کارروائی کی گئی، اس دوران برلن اور سلواکیہ سے ایک ایک خاتون انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا ہے، جو ویتنامی شہری ہیں، پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ خواتین سلواکیہ سے لوگوں کو جرمنی اسمگل کرنے کا منظم نیٹ ورک چلارہی تھیں، سلواکیہ سے جرمنی پہنچانے کے لئے 13 ہزار سے 21 ہزار یورو وصول کئے جاتے تھے۔

ان کے زیادہ گاہک بھی ویتنامی بالخصوص خواتین تھیں، جنہیں جرمنی اسمگل کرنے کے بعد کام کی صورت میں اسمگلنگ کے پیسے دینے ہوتے تھے، ان خواتین کو سیلون، مساج سینٹرز کے لئے استعمال کیا جاتا تھا، اور یوں اپنی رقم پوری کی جاتی تھی ، اس گروپ نے جرمنی میں بالخصوص برلن میں فرنشڈ اپارٹمنٹس لے رکھے تھے، جہاں اسمگل کی گئی خواتین کو رکھا جاتا تھا۔

پولیس کو ان کے ٹھکانوں سے دستاویزات، بینک کھاتوں کا ریکارڈ اور کچھ دیگر چیزیں ملی ہیں، جبکہ وہاں موجود 50 سے زائد خواتین و مردوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے، اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، تاکہ پتہ چلایا جاسکے کہ ان میں اس نیٹ ورک کے کتنے لوگ ہیں، او ر کتنے وہ ہیں ، جنہیں اسمگل کرکے لایا گیا ہے، ان کی دستاویزات چیک کی جارہی ہیں، آپریشن کا زیادہ فوکس برلن میں ویتنامی آبادی کا گڑھ سمجھا جانے والا علاقہ Lichtenberg تھا، اس آپریشن میں یورو پولیس کی معاونت بھی شامل تھی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.