اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی کی نئی ویڈیو مل گئی

0

ریجو ایملیا: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کی پولیس کو ایک نئی سی سی ٹی وی کیمرے سے بنی ویڈیو مل گئی ہے، جسے اہم قرار دیا جارہا ہے، دوسری طرف فرانس سے پکڑے گئے اس کے کزن کو واپس لانے اور تفتیش کے لئے پیشرفت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی علاقے ریجوایمیلیا میں Novellara کے علاقے میں اپنے والدین کے ساتھ رہنے والی 18 سالہ ثمن عباس ایک ماہ قبل لاپتہ ہوگئی تھی، جبکہ اس کے بعد اس کا والد شبیر اور والدہ بھی اچانک  پاکستان چلے گئے تھے، گزشتہ ہفتے سے اطالوی کارابیری پولیس ثمن عباس کو تلاش کررہی ہے، اور وہ Novellara فارم کا کونا کونا چھان رہے ہیں، جہاں لاپتہ ثمن کے والد کام کرتے تھے، اس سے پہلے پولیس کو29 اپریل کی ایک ویڈیو ملی تھی، جس میں ثمن عباس کا چچا اور اس کے دو کزن ایک بیگ میں کوئی چیز گھر کے پچھلے حصے سے لے جاتے  ہوئے دکھائی دئیے تھے، اور ان کے ہاتھ میں بیلچے تھے، پولیس کو شبہ ہے کہ ثمن اب زندہ نہیں ہے، اور اسی لئے وہ اس کے گھر اور والد کے کام والے فارم میں مختلف جگہ پر کھدائی بھی کررہے ہیں، تاہم اب پولیس کو ایک نئی ویڈیو مل گئی ہے۔

نئی ویڈیو میں کیا ہے؟

ریجو ایمیلیا کے پراسیکیوٹر جو کارابیری پولیس کے ساتھ تحقیقات میں شریک ہیں، ان کے ریکارڈ کا حصہ بننے والی اس نئی ویڈیو کو ثمن عباس کی آخری ویڈیو بھی قرار دیا جارہا ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق اس ویڈیو میں کیس میں مشتبہ قرار دئیے گئے افراد کے ساتھ ثمن عباس نظر آرہی ہے، اور وہ اپنے ان عزیزوں کے ساتھ  اپنے گھر سے نکل رہی ہے، جس کے بعد وہ کبھی واپس نہیں آئی۔

اطالوی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں ثمن عباس آخری بار زندہ نظر آرہی ہے، اس ویڈیو میں ثمن کے ساتھ اس کے چچا اور دو کزن ہیں، اور یہ تینوں افراد وہی ہیں جو دوسری ویڈیو میں 29 اپریل کو بیگ اور بیلچے اٹھائے  ثمن کے گھر کے پچھلے حصے کی طرف کھیتوں میں جاتے نظر آئے تھے، دوسری طرف اطالوی اہلکار ثمن کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، اور انہوں نے اس کے گھر اور والد کے کام والے فارم  میں کئی جگہ کھدائی بھی کی ہے۔

دوسری طرف اطالوی تفتیش کار فرانس میں گرفتار کئے گئے ثمن عباس کے کزن اکرام اعجاز سے تفتیش  کے منتظر ہیں، اور انہیں امید ہے کہ اعجاز سے تفتیش اس گتھی کو سلجھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، کیوں کہ وہ دونوں ویڈیوز میں نظر آرہا ہے، اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ اعجاز سے تفتیش اور حوالگی کے لئے پیپر ورک کرلیا گیا ہے، اور جلد پیشرفت متوقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.