فرانس، برطانیہ ایک دوسرے کو طاقت دکھانے لگے، ڈراپ سین کیا ہوا؟

0

لندن: فرانس کے قریب واقع چھوٹے سے نیم خودمختار برطانوی جزیرے جرسی کے معاملے پر دونوں ملکوں میں کشیدگی کا ڈراپ سین ہوگیا، برطانیہ کے بعد فرانس نے بھی علاقے میں بحریہ کے جہاز بھیجنے کا اعلان کیا، جس پر یورپی یونین کو بھی تشویش ہوگئی تھی، برطانوی وزیراعظم نے معاملے پر اپنی فتح کا بالواسطہ اعلان کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق فرانس کے قریب واقع چھوٹے سے برطانوی جزیرے جرسی کی جانب سے بریگزٹ کے بعد فرانسیسی ماہی گیروں کے لئے لائسنس لازمی قرار دینے اور ان کی سرگرمیوں پر روک لگانے کے خلاف پیرس حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا، اور جرسی کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دی ، اس کے علاوہ فرانسیسی ماہی گیروں نے جرسی کی بندرگاہ کے راستے میں اپنی کشتیاں کھڑی کرکے اس کا راستہ بالواسطہ طور پر روک دیا، دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جرسی میں رائل بحریہ کے دو جہاز تعینات کردئیے تھے، اس کے جواب میں فرانس نے بھی بحری فورس کی کشتیاں بھیج دیں، دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی پر یورپی یونین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحمل پر زور دیا، اور فرانس کی حمایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس سے کشیدگی، برطانوی وزیراعظم نے نیوی کو کیا حکم دیدیا؟

کشیدگی کا ڈراپ سین اس وقت ہوا، جب جرسی کی سینٹ ہیلر بندرگاہ کا غیر اعلانیہ راستہ روکنے والے فرانسیسی ماہی گیروں نے واپسی کا اعلان کردیا، اور اپنی کشتیاں وہاں سے واپس لے گئے، جس کے بعد برطانوی وزیراعظم نے بھی اپنی بحریہ کے دونوں جہازوں کو واپس آنے کا حکم دے دیا۔

تاہم ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ رائل بحریہ کے جہاز جرسی کی بوقت ضرورت مدد کے لئے بدستور تیاری کی حالت میں رہیں گے۔ اس حوالے سے برطانوی وزیراعظم جانسن نے ٹوئٹ بھی کیا ہے، جس میں بالواسطہ فتح کا اظہار جھلکتا ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ جزیرہ جرسی کی صورتحال معمول پر آگئی، اور اس کے لئے انہوں نے اپنی بحریہ کے فوری ردعمل پر اس کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ برطانیہ جرسی کے عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑ ا رہے گا۔

صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے فرانسیسی علاقے نارمنڈی کی فشنگ کمیٹی کے صدر Dimitri Rogoff نے کہا کہ طاقت دکھانے کا کام مکمل ہوگیا ، اور اب یہ سیاسی طور پر فیصلہ کا وقت ہے، انہوں نے فرانسیسی حکومت پر زور دیا ہے کہ اگر ضروری ہو تو وہ جرسی کے خلاف جوابی اقدامات کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.