فرانس سے کشیدگی، برطانوی وزیراعظم نے نیوی کو کیا حکم دیدیا؟

0

لندن: پرانے حریف  برطانیہ اور فرانس کے درمیان بریگزٹ کے بعد تنازعات میں ایک بار پھر شدت آتی جارہی ہے، پہلی بار برطانوی وزیراعظم  بورس جانسن نے اپنی بحریہ کے دو جہاز فرانس کے قریب تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے، جس سے کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوں تو تاریخی طور پر فرانس اور برطانیہ ایک دوسرے کے حریف ملک رہے ہیں، اور صدیوں ان کے درمیان رقابت جنگوں کا سبب بنتی رہی ہے، تاہم دوسری جنگ عظیم میں جرمنی اور اس کے اتحادیوں کے خلاف مشترکہ طور پر جنگ لڑنے کے بعد اور بالخصوص یورپی یونین بننے پر دونوں ملکوں نے ماضی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، اور دوستی اور تعلقات نئی سطح پر پہنچ گئے تھے، تاہم دسمبر میں بریگزٹ یعنی برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد دونوں ملکوں میں مسلسل تجارتی تنازعات سر اٹھارہے ہیں، اور اب پہلی بار کشیدگی اس حد تک پہنچی ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بحریہ کے دو جہاز فرانس کے قریب تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان یہ تنازعہ فرانس سے صرف 14 کلومیٹر فاصلےپر واقعہ جرسی جزیرے کے قریب ماہی گیری پر شروع ہوا ہے، برطانیہ میں شامل جرسی جزیرہ نے گزشتہ جمعہ کو اپنی سمندری حدود میں مچھلیاں پکڑنے والے فرانسیسی ماہی گیروں کے لئے نئے لائسنس لازمی قرار دے دئیے تھے، اور بغیر لائسنس اپنی سمندری حدود میں ماہی گیری پر پابندی لگادی تھی، جس پر فرانس نے سخت ردعمل کا اظہار کیا، اور فرانس کی سمندری امور کی وزیر Annick Girardin نے برطانیہ کے خلاف جوابی اقدامات اٹھانے اور جرسی جزیرے کی بجلی معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔

واضح رہے کہ جرسی جزیرے کو بجلی فرانس سے سمندر میں بچھائی گئی لائن کے ذریعہ فراہم کی جاتی ہے، دوسری طرف فرانسیسی ماہی گیروں نے بھی جزیرہ جرسی کیخلاف کارروائی اور برطانوی ماہی گیروں کی مچھلیاں خریدنے پرپابندی کا مطالبہ کیا۔

برطانوی ردعمل

جرسی کی بجلی بند کرنے سمیت دیگر اقدامات کی فرانسیسی دھمکی پر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، اور واضح کیا ہے کہ برطانیہ کسی کو جرسی جزیرے کے محاصرے کی اجازت نہیں دےگا، برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل ‘‘ کے مطابق انہوں نے احتیاطی اقدام کے طور پر برطانوی بحریہ کے دو جہاز بھی جرسی کے قریب تعینات کرنے کا حکم دیا ہے، ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے جرسی کے وزیراعلیٰ جون لی فونڈر سے ٹیلیفون پر بات کی اور انہیں برطانیہ کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ بجلی بندکرنے کی فرانسیسی دھمکی ناقابل قبول ہے، اس طرح کے مسائل کا حل جرسی اور فرانس کے حکام کےدرمیان بات چیت میں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.