عید پاکستان میں منانے کے خواہشمند تارکین وطن کیلئے بری خبر

0

دبئی: عید پاکستان میں اپنے پیاروں کے ساتھ کرنے کے خواہشمند تارکین وطن کے لئے بری خبر ہے، کرونا کی تیسری لہر کے باعث حکومت نے عالمی پروازوں میں 80 فیصد کمی کردی ہے، جس کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد جو پاکستان میں عید منانا چاہتی تھی، ان کیلئے اب پاکستان واپس آنا مشکل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی حکومت نے اپنے ہاں وبا کو قابو میں رکھنے کے لئے 5 سے 20 مئی تک عالمی پروازیں بھی 80 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اعداد شمار جاری کردیئے گئے ہیں، اور ہفتہ وار پاکستان میں آنے والی پروازوں کی تعداد 590 سے کم کرکے 123 کردی گئیں ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس حوالے سے پاکستان میں پروازیں آپریٹ کرنے والی عالمی فضائی کمپنیوں کو  فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

عالمی پروازوں میں کمی کے فیصلے کے بعد عید سے پہلے ائرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے، جس سے بالخصوص عید پر چھٹی آنے کے خواہشمند تارکین وطن متاثر ہوں گے۔ خلیجی اخبار کے مطابق دبئی سے کراچی کا ایک طرف کا کرایہ جو 425 سے 490 درہم کا ہے، اب عید سے قبل 814 درہم  تک پہنچ گیا ہے، سب سے زیادہ اضافہ لاہور کے کرائے میں دیکھنے میں آرہا ہے، جو 345 درہم سے بڑھ کر عید کے قریب 2100 درہم تک پہنچ گیا ہے، جبکہ اسلام آباد کا ٹکٹ 1600 درہم کو چھو رہا ہے، جبکہ اسی طرح یورپ کیلئے پروازوں کے کرایوں میں بھی دو گنا اضافہ ہوگیا ہے

پروازوں کی تفصیلات

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق قطرایئر ویز کی پاکستان کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 56 سے کم کرکے 11 کردی گئی۔

قطر ائیر ویز کی کراچی کیلئے 3، لاہور کیلئے 3، اسلام آباد کیلئے 3، پشاور کیلئے 1 اور سیالکوٹ کیلئے 1 پرواز ہے، گلف ایئر کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 35 میں سے کم کرکے 8 کردی گئی ہے، جس میں کراچی کیلئے 2، لاہور کیلئے 1، اسلام آباد کیلئے 1، پشاور کیلئے 1، فیصل آباد کیلئے 1، سیالکوٹ کیلئے 1 اور ملتان کیلئے 1 پرواز ہوگی۔ ترکش ایئرکی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 21 میں سے کم کرکے 3 کردی گئی ہے جس میں کراچی کیلئے 1، لاہور کیلئے 1، اسلام آباد کیلئے 1 پرواز آپریٹ ہوگی، پگاسس ایئر لائن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 سے کم کرکے 1 کردی گئی ہے، پگاسس ایئر کو کراچی کیلئے 1 پرواز لینڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔

اتحاد ایئرویز کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 32 سے کم کرکے 6 کردی گئی ہے جس کے تحت کراچی کیلئے 1، لاہور کیلئے 2 اور اسلام آباد کے لئے 3 پروازیں لینڈ کرسکیں گی، اس کے علاوہ سری لنکا ایئرویز کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 میں سے کم کرکے 2 کردی گئی ہے جس میں کراچی کیلئے 1 اور لاہور کیلئے 1 پرواز ہوگی۔ جبکہ تھائی ایئر کی پروازیں 18 سے کم کرکے صرف 3 کردی گئی ہیں جو کراچی کیلئے 1، لاہور کیلئے 1 اور اسلام آباد کیلئے 1 پرواز لینڈ کرسکے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.