بھارتی کمیونٹی میں کرونا کیس سامنے آنے پر حکام  نے کیا کیا؟

0

روم: اطالوی دارالحکومت روم میں بھارتی کمیونٹی کے علاقے میں کرونا کے کیس بڑے پیمانے پر سامنے آنے لگے ہیں، جس پر حکام فوری متحرک ہوگئے ہیں، جبکہ دوسری طرف ہائر ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ اٹلی میں انفیکشن کی منتقلی کی شرح میں معمولی سا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق ایسے وقت میں جب بھارت میں کرونا کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے، اور اٹلی سمیت مختلف ممالک بھارت سے مسافروں کی آمد ورفت بند کررہے ہیں، اطالوی دارالحکومت روم کے جنوب میں واقع علاقے Latina میں بھارتی سکھ فارم ورکرز میں کرونا پھیل گیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق علاقے میں 550 افراد کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں سے 80 کیس وبا سے متاثر نکلے ہیں، جس کے بعد اسے ریڈ زون قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب علاقے میں ٹیسٹنگ کو بڑھا دیا گیا ہے، اس دوران اٹلی کے ہائر ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے وبا آگے منتقل کرنے کی شرح میں ایک ہفتے کے دوران معمولی اضافہ نوٹ کیا ہے، اور یہ 0.81 سے بڑھ کر 0.85 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرانسمیشن یعنی وبا منتقلی کی شرح ایک فیصد ہوجائے، تو پھر اسے تشویش ناک سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ اس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ اب وبا پھیلنے کے مرحلے پر آگئی ہے، اس دوران ہفتے کو  اٹلی میں 13 ہزار 446 نئے کیس، اور 263 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو کہ جمعرات سے کم تھیں، جب 14 ہزار 320 نئے کیس اور 288 اموات ہوئی تھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.