اسلام آباد: روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹ کھولنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو حکومت نے ایک اور سہولت دے دی ہے، اور اب وہ ان اکاؤنٹس کے ذریعہ قسطوں پر سستی گاڑیاں حاصل کرسکیں گے، بینکوں اور کار ساز اداروں نے اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیحی بنیادوں پر گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ایک ارب ڈالر جمع ہونے کے موقع پر حکومت نے اس اسکیم کا اعلان کیا ہے، جسے ’’روشن اپنی کار‘‘ کا نام دیا گیا ہے، اس اسکیم کے تحت اوورسیز پاکستانی ملک میں موجود اپنے عزیزوں کے لئے قسطوں پر سستی کاریں حاصل کرسکیں گے، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے غیر ملکی ترسیلات / سرمایہ کاری کے بہاؤ کو بڑھانا ہے اور ساتھ ہی مستقبل میں مقامی برانڈز کی آٹو فروخت کو آگے بڑھانا ہے۔
خیال رہے اس وقت روایتی بینکوں میں لوگوں کو قسطوں پر کار حاصل کرنے کیلئے 12 سے 13 فیصد زائد ادائیگی کرنی پڑتی ہے، تاہم اب اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے، اور صرف 7 فیصد زائد ادائیگی پر گاڑی قسطوں پر حاصل کرسکیں گے، اس کا مطلب ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کاریں 20 فیصد سستی ملیں گی۔ دوسری طرف کاریں بنانے والی بڑی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کو ترجیحی بنیادوں پر گاڑیاں فراہم کریں گی۔ ’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ‘‘ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی کار فنانسنگ کے لئے درخواستوں کو تیزی سے پراسیس کیا جائے گا، گاڑیاں اسلامی اور روایتی بینکنگ دونوں طریقوں سے حاصل کی جاسکیں گی۔
دنیا بھر میں 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی رہتے ہیں، اور گزشتہ 8 ماہ کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھول چکے ہیں۔ حکومت کو امید ہے کہ نئی سہولتوں سے اوورسیز پاکستانیوں میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کی رفتار مزید تیز ہوگی، ابتدائی اندازے کے مطابق اوورسیز پاکستانی سالانہ 13 ہزار تک گاڑیاں اس اسکیم کے تحت بک کراسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ”روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ“ اوورسیز پاکستانیوں میں تیزی سے مقبول، فائدہ اور طریقہ جانئے
اس حوالے سے ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی انڈس موٹر کمپنی کے سربراہ علی اصغر جمالی کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا ہے کہ ان کی کمپنی اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ماہ کے اندر گاڑی ڈلیور کرے گی، اس اسکیم سے کاروں کی صنعت بھی ترقی کرے گی، پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس کے سابق چئیرمین مشہود خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی اس اسکیم سے کاروں کی سالانہ پیداوار میں 10 فیصد اضافہ متوقع ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔