اٹلی میں دفنانا مسئلہ بن گیا، کارکن احتجاج پر مجبور

0

روم; اٹلی میں کرونا کی وجہ سے ہلاکتیں بڑھنے کے بعد سینکڑوں افراد کی میتیں مردہ خانوں اور کنٹینرز میں کئی ماہ سے پڑی ہیں، انہیں دفنانے والے ملازمین نے بھی روم میں احتجاج کیا ہے، جس میں انہوں نے مسئلے کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو روم میں انوکھا مظاہرہ ہوا، مظاہرین میتوں کو دفنانے اور جلانے پر مامور ملازمین تھے، ان کا کہنا تھا کہ کرونا سے اموات بڑھنے کے بعد حکام مرنے والوں کو بروقت دفنانے و جلانے کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے تابوتوں کی لمبی قطار بچھی ہوئی ہے، اور لواحقین کو بھی اذیت کا سامنا ہے، روم میں 2 ہزار سے زائد لاشیں آخری رسومات کی منتظر ہیں، ان میں ایسی لاشیں بھی ہیں، جو تین تین ماہ سے رکھی ہیں، لیکن ابھی تک ان کی باری نہیں آئی، یہ مظاہرہ ایسے موقع پر ہوا ہے، جب روم میں ایک اطالوی شہری Oberdan Zuccaroli نے شہر میں ایک اشتہاری بورڈ پر اپنی دکھ بھری داستان لکھ دی ہے، جو لوگوں کی مرکز نگاہ بن رہی ہے۔

انہوں نے اپنی مرحومہ ماں کو مخاطب کرکے لکھا ہے ’’سوری والدہ میں اب تک آپ کے لئے تدفین کا بندوبست نہیں کرسکاـ’’ مقامی اخبار سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ میری والدہ 8 مارچ کو دل کے دورہ سے انتقال کرگئی تھی، لیکن ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود انہیں دفنایا نہیں گیا، اسی طرح ان کی خالہ کی لاش 9 جنوری سے تدفین کی منتظر ہے۔

لیکن حکام کچھ نہیں کررہے، انہوں نے شرم دلانے کے لئے یہ بورڈ لگایا ہے، برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق روم کے قبرستان Prima Porta کے باہر لاشیں لئے کنٹینرز کی لمبی قطار موجود ہے، اٹلی میں قبرستانوں سے متعلق ورکرز کی فیڈریشن کے صدر Giovanni Caciolli کا مظاہرے کے موقع پر کہنا تھا کہ قبرستانوں اور لاشوں کو جلانے والے مراکز میں گنجائش بار بار ختم ہورہی ہے، انہوں نے مئیر روم سے اپیل کی کہ وہ لاشوں کو دفنانےوجلانے کے حوالے سے بیوروکریسی کی رکاوٹیں دور کریں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی کے تیسرے بڑے شہر کے مسلمان میت دفنانے کیلئے پریشان

دوسری جانب لاشوں کے انتظام کی ذمہ دار کمپنی AMA کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے اموات بڑھنے کے بعد اسے چیلنج کا سامنا ہے، اور کمپنی 60 ہزار نئی قبروں کے لئے جگہ حاصل کرنے پر کام کررہی ہے، کمپنی کے مطابق روم میں اکتوبر 2020 سے مارچ 2021 تک 4 ہزار763 اموات زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.