ویکسین لگانے والوں کیلئے برطانیہ، جرمنی میں کیا کھلنے جارہا ہے؟

0

لندن: برطانیہ میں ویکسین پاسپورٹ لانے کا حکومتی منصوبہ خطرے میں پڑگیا ہے، حکومتی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے ارکان میں اس معاملے پر پھوٹ پڑگئی ہے، اور متعدد ارکان نے اس کا راستہ روکنے کیلئے اپوزیشن سے ہاتھ ملالیا ہے، دوسری طرف جرمنی نے بھی   اس سے ملتا جلتا منصوبہ بنا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ ویکسین لگانے میں یورپ سمیت دنیا بھر سے آگے نکل گیا ہے، اور اب وزیراعظم بورس جانسن ملک میں ویکسین پاسپورٹ متعارف کرانا چاہتے ہیں، یعنی جن افراد نے ویکسین لگوالی ہے، ان کے لئے پابندیاں ختم کردی جائیں، اور انہیں تھیٹر، ریستورانز، ڈانس کلبز اور اسٹیڈیم سمیت دیگر رش والے مقامات پر جانے کی اجازت دے دی جائے گی، حکومتی منصوبے کے مطابق   ویکسین پاسپورٹ نیشل ہیلتھ سروس کی کووڈ ایپ کے ذریعہ ڈیجیٹل   طریقے سے جاری کیا جائے گا، یعنی یہ ایک طرح کا میسج ہوگا، جو ایپ سے لنک ہوگا اور آپ فون پر محفوظ کرسکیں گے، اور بوقت ضرورت اسے پولیس سمیت دیگر اداروں کو دکھایا جاسکے گا۔ برطانوی اخبار کے مطابق وزیراعظم جانسن پیر کو اس منصوبے کی منظوری دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:’’ویکسین پاسپورٹ‘‘ پر یورپی ممالک میں اختلافات، صدر نے فائدے گنوادئیے

منصوبے پر عمل درامد کے ذریعہ برطانوی حکومت 21 جون تک   ملک میں لگی بیشترکرونا پابندیاں ختم کرنا چاہتی ہے، اس کے علاوہ   ویکسین پاسپورٹ یا قدرتی طور پر امیونٹی (قو ت مدافعت) رکھنے والوں کو ان کے ٹیسٹ کی بنیاد پر کھیلوں کے گراؤنڈز سمیت ایسے مقامات پر جانے کی اجازت دینے کا منصوبہ ہے، جہاں رش ہوتا ہے۔

لیکن اس منصوبے کی اطلاع ملتے ہی پارلیمنٹ میں حکومت کے لئے بڑا چیلنج کھڑا ہوگیا ہے، اور حکومتی جماعت کے ارکان کی بڑی تعداد بھی اس کا راستہ روکنے کے لئے اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے ساتھ مل گئی ہے، ان ارکان کا کہنا ہے کہ ویکسین پاسپورٹ کا منصوبہ امتیازی رویہ کے رجحان کو فروغ دینے کا سبب بنے گا، اس حوالے سے حکومتی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے 41 ارکان سمیت 72 ارکان پارلیمان مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں اس منصوبے کا راستہ روکنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

جرمنی کی صورتحال

جرمن وزیر صحت نے بھی ویکسین پاسپورٹ سے ملتے جلتے منصوبے کا عندیہ دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ جو شہری کورونا ویکسین لگوائیں گے، آئندہ ہفتوں کے دوران انہیں کم پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ویکیسن لگوانے والے افراد کو دکانوں اور شاپنگ سینٹروں میں داخل ہو سکیں گے، انہیں سفر کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.