لاک ڈاؤن کے نام سے مشہور پروفیسر کی نئی پیشگوئی

0

لندن: برطانیہ میں پروفیسر لاک ڈاؤن کی شہرت پانے والے سائنسدان نے ملک کے لئے اچھے دنوں کی نوید سنادی ہے، ان کا  کہنا ہے کہ اس سال موسم گرما برطانیہ اور برطانوی شہریوں کے لئے بہت اچھا رہنے والا ہے، اور ہمیں  گزشتہ برس کی طرح  مشکلات اور پابندیاں نہیں سہنی پڑیں گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس مارچ میں جب ابھی بظاہر برطانیہ میں کرونا کی صورتحال زیادہ نہیں بگڑی تھی، برطانوی ماہر نیل فرگوسن نے حکومت کو وارننگ دی تھی کہ برطانیہ پر کرونا وائرس کا بڑا حملہ ہونے والا ہے، اور یہ کہ سخت لاک ڈاؤن کردیا جائے، اس وارننگ پر انہیں اس وقت سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور انہیں پروفیسر لاک ڈاؤن کا خطاب بھی اسی وجہ سے ملا، لیکن اپنی وارننگ کا ایک سال پورا ہونے پر اب یہی پروفیسر لاک ڈاؤن برطانوی شہریوں کے لئے اچھی خبر لے کر آئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ مجھے 80 فیصد یقین ہے کہ برطانوی شہری اس سال موسم گرما انجوائے کرنے کے قابل ہوں گے، اور ویکسین کی وجہ سے انفیکشن کی شرح بہت نیچے چلی جائے گی،  جس کے نتیجے میں برطانیہ میں بہت کم پابندیاں باقی رہیں گی۔ ایک تہائی برطانوی آبادی کو پہلے ہی ویکسین لگائی جاچکی ہے، اور باقی  شہریوں کو بھی تیزی سے ویکسین لگائی جارہی ہے، برطانیہ اس حوالے سے نہ صرف یورپ بلکہ پوری دنیا سےآگے نظر آتا ہے۔

پروفیسر لاک ڈاؤن کا کہنا تھا کہ صرف 20 فیصد اس بات کا خدشہ ہے کہ کرونا  وائرس کی کوئی نئی شکل آجائے اور وہ ہماری کامیابیوں کو ڈی ریل کردے، برطانوی اخبار ’’آبزرور‘‘ سے  گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 80 فیصد یقین ہے کہ ہم گرمیوں کا موسم انجوائے کریں گے، لیکن ہمیں صورتحال کا قریب سے جائزہ لیتے رہنا ہوگا، اور  گرمیوں کے اختتام پر خزاں کے لئے سوچنا ہوگا، ہمیں ویکسین کو تقویت دینے والی بوسٹر ویکسین لانی ہوگی، جو وائرس کی نئی اقسام سے بھی ہمیں تحفظ دے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.