کرونا کیسز میں اضافہ، اٹلی نے ویکسین پر بڑے فیصلے کرلئے

0

روم: ماہرین کی وارننگ کے عین مطابق اٹلی میں کرونا کے نئے کیسز پھر تیزی سے بڑھنے لگے ہیں، کل 22 ہزار 865 نئے کیس سامنے آئے ، جس کے بعد حکومت بھی متحرک ہوگئی ہے، بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے اور ویکسین کی برآمد روکنے سمیت کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ماہرین کی وارننگ کے عین مطابق اٹلی میں نئے برطانوی وائرس کی وجہ سے کرونا کے کیسز بڑھنے  لگے ہیں، اور جمعرات کو ایک دن میں 2 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور کل 22 ہزار 865 نئے کیس  سامنے آئے، جو بدھ کو 20 ہزار 884 تھے، اس طرح اموات 339 ریکارڈ کی گئیں، جبکہ انفیکشن  کی شرح 5.8 سے بڑھ کر 6.7 فیصد ہوگئی، جو ایک دن میں بڑا اضافہ ہے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے، اور کہا ہے کہ اب یہ الیکشن ستمبر اکتوبر میں کرائے جائیں گے۔

ویکسین برآمد بند

اس کے ساتھ ہی اٹلی نے ملک میں تیار ہونے والی آسٹرا زنیکا کمپنی کی ویکسین کی ڈھائی لاکھ خوراکوں کی آسٹریلیا برآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس حوالے سے یورپی یونین کو بھی آگاہ کردیا ہے، یورپی یونین نے بھی فیصلے کی توثیق کردی ہے، اطالوی حکومت کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو ویکسین برآمد روکنے کا فیصلہ ملک میں ویکسین کی قلت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اس سے قبل برطانوی سویڈش کمپنی آسڑا زنیکا کے خلاف یہ شکایت سامنے آئی تھی کہ وہ یورپی ممالک کو وعدے کے مطابق ویکسین کی خوراکیں سپلائی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے ویکسین  مہم متاثر ہورہی ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی فرم برطانیہ کو ویکسین پوری رفتار سے فراہم کررہی ہے، جبکہ یورپی یونین کو 10 کروڑ خوراکوں کے وعدے میں سے صرف 40 فیصد کی اب تک فراہمی ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.