اٹلی میں سیاسی جھٹکے جاری، تارکین کی حامی جماعت بھی اندرونی بحران کا شکار

0

روم: اٹلی میں نئی حکومت بننے کے بعد سیاسی جھٹکے جاری ہیں، اور سابقہ حکومت میں شامل اہم جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کے بعد دوسری بڑی جماعت پی ڈی میں بھی بحران پیدا ہوگیا ہے، اور پارٹی کے سربراہ نکولا زنگریتی نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم جوسپے کونتے کی حکومت میں دو اہم جماعتیں شامل تھیں، اور یہ فائیو اسٹار اور پی ڈی تھیں، تاہم ان کی حکومت ختم ہونے کے بعد دونوں جماعتوں نے نئے وزیراعظم ماریو دراغی کی بھی حمایت کی، اور حکومت میں شامل ہوگئیں، لیکن اس کے بعد سے ان میں اندرونی اختلافات سامنے آرہے ہیں، فائیو اسٹار میں کئی ارکان کی بغاوت کے بعد پارٹی معاملات سنبھالنے کے لئے قائد نے سابق وزیراعظم جوسپے کونتے کی خدمات حاصل کرلی ہیں، لیکن اب دوسری جماعت پی ڈی میں بھی اختلافات شدید ہوگئے ہیں، واضح رہے کہ پی ڈی تارکین وطن کی حامی جماعت ہے۔

پی ڈی کے سربراہ اور لازیو کے گورنر نکولا زنگریتی نے قیادت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے جمعرات کو  کہا کہ وہ پارٹی کے اندر سے بے جا تنقید سے تنگ آچکے ہیں، مجھے صرف اٹلی اور پارٹی سے محبت کی سزا دی جارہی ہے، لہذا اب میں مزید اپنے عہدہ پر نہیں رہنا چاہتا، اور پارٹی چئیرمین کو استعفیٰ بھجوارہا ہوں، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق  زنگریتی نے کہا کہ مجھے شرم آرہی ہے کہ میں پی ڈی کی قیادت کرتا رہا ہوں۔ دوسری طرف فائیو اسٹار موومنٹ کے بانی بپی گریلو نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم جوسپے کونتے عارضی نہیں بلکہ طویل  مدت کے لئے پارٹی کے ساتھ آئے ہیں، ہمارا ساتھ لمبا چلے گا، کونتے پارٹی کو اس کی بنیادوں پر مضبوط کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.