جرمنی میں شہری پابندیوں سے اکتا گئے، حکومتی اجلاس بھی طلب

0

برلن: جرمنی میں لاک ڈاؤن طویل ہونے پر لوگوں میں اکتاہٹ  بڑھتی جارہی ہے، لوگ زیادہ تر گھر میں بیٹھ بیٹھ کر تھکتے جارہے ہیں،ایسے میں نئے سروے میں جرمنوں کی اکثریت نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جرمن حکومت نے بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کے لئے اہم اجلاس بلالیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں خبر رساں ادارے ڈی پی کی جانب سے یوگوو کے ذریعے کرائے گئے سروے میں 43 فیصد لوگوں نے لاک ڈاؤن نرم کرنے کی حمایت کی ہے، جبکہ 17 فیصد نے تو پابندیاں مکمل طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، اس کے مقابلے میں صرف 26 فیصد لاک ڈاؤن جاری رکھنے کے حامی نکلے، جبکہ 9 فیصد کا خیال تھا کہ لاک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے، تاکہ وبا پر مکمل قابو پایا جاسکے، جرمنی میں نومبر سے سخت لاک ڈاؤن جاری ہے، جب لاک ڈاؤن شروع ہوا تھا، تو اس وقت 73 فیصد عوام نےاس کی حمایت کی تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اب لوگوں میں پابندیوں سے اکتاہٹ ہوتی جارہی ہے۔

دوسری طرف حکومت نے پیر سے ہئیر ڈریسرز کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے، لیکن حکومت پر مزید پابندیاں نرم کرنے کے لئے عوام کا دباؤ ہے، اور بدھ کو چانسلرانجیلا مرکل ریجنل سربراہان کے ساتھ ورچوئل اجلاس میں اس حوالے سے مزید فیصلے کرنے جارہی ہیں، جرمن میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق قوی امکان ہے کہ حکومت ایسا نظام متعارف کرائے کہ جن علاقوں میں کیسز کم ہیں وہاں نرمی لائی جائے اور جہاں کیسز زیادہ ہیں وہاں سختی برقرارکھی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.