جرمنی نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھادی، کچھ شعبوں کیلئے نرمی منظور

0

برلن:جرمنی میں حکومت نے لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید اضافہ کردیا ہے، تاہم کچھ شعبوں کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے، اس سے پہلے جرمنی میں ہوئے ایک سروے میں عوام کی اکثریت نے وبا سے بچنے کے لئے لاک ڈاؤن میں اضافے کی حمایت کی تھی۔

تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے صوبوں کے سربراہان کے ساتھ ورچوئل اجلاس اور مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن کی مدت میں 7 مارچ تک اضافہ کردیا ہے، جرمنی میں کرونا کے کیس بڑھنے پر سخت لاک ڈاؤن چل رہا ہے، جس میں اب مزید توسیع کی گئی ہے، تاہم نئے فیصلے میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ریاستوں کو اختیارات دے دئیے گئے ہیں، اجلاس کے دوران کئی صوبوں کے سربراہان نے چانسلر پر لاک ڈاؤن جلد ختم کرنے پر بھی زور دیا، تاہم وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اسے 7 مارچ تک جاری رکھا جائے گا، اجلاس بعد انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ 3 ماہ کی سخت پابندیوں کے بعد انفیکشن کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے، جو باعث اطمینان ہے، لیکن جرمن عوام کو محتاط رہنا ہوگا، کیونکہ نئے خطرناک برطانوی اور جنوبی افریقی وائرس کا خطرہ موجود ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی، سب سے پہلے اسکولوں اور ڈے کئیر سینٹرز کے لئے کی جائے گی، جبکہ ہیئر ڈریسرز کو یکم مارچ سے کاروبار کی اجازت دے دی گئی ہے، اسی طرح اگر انفیکشن کی شرح فی لاکھ آبادی میں 35 آگئی تو میوزیم اور گیلریز بھی کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.