عمان نے غیرملکی ورکرز کو بڑی سہولت دیدی

0

مسقط: عمان نے تارکین وطن کی سہولت کے لئے ریذیڈنسی قانون میں ترمیم کردی ہے، جس سے غیرملکی کارکنوں کے لئے اچھی ملازمتیں اور زیادہ تنخواہ کے دروازے  کھل جائیں گے، اس کے ساتھ کفیل کو بدلنے میں بھی سہولت ملے گی، اور انہیں کوئی بلیک میل نہیں کرسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق عمان کی حکومت نے غیر ملکی ورکرز کو پریشانی سے بچانے کے لئے ریڈیڈنسی قانون میں ترمیم کردی ہے، اس سے قبل عمان میں مقیم غیرملکی ورکرز اگر کفیل بدلنا چاہتے تھے، تو ان کے لئے ضروری تھا کہ وہ پہلے اپنے پرانے کفیل سے این او سی لیں، اس شرط کی وجہ سے غیرملکی ورکرز کو  بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، کیوں کہ اکثر کیسوں میں پرانے کفیل یا تو این او سی دینے سے انکار کردیتے تھے، یا پھر اس کے لئے پیسوں کا مطالبہ کردیتے تھے، ان مسائل کی وجہ سے غیرملکی ورکرز پرانے کفیلوں کے پاس کام کرنے پر مجبور رہتےتھے، اور اگر انہیں کفیل تنگ کررہا ہو، تب بھی ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوتا تھا، کچھ ورکرز جب بہت تنگ آجاتے تھے، تو وہ پرانے کفیل سے بھاگ جاتے تھے، ایسی صورت میں بھی وہ غیر قانونی ہوجاتے تھے۔

تاہم اب عمانی حکومت نے غیرملکی ورکرز کا یہ مسئلہ حل کردیا ہے، اور اب وہ ایک کفیل کے پاس کنٹریکٹ کی مدت پوری ہونے پر اس سےاین او سی لئے بغیر دوسرے کفیل کے پاس اپنا ویزا منتقل کراسکیں گے، عمان کے انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ اس ترمیم نے ملکی افرادی قوت کی مارکیٹ میں مقابلہ کا رجحان بڑھے گا، اور غیر ملکی ورکرز اپنا کنٹریکٹ پورا ہونے پر دوسرے کفیل کے پاس ملازمت تلاش کرسکیں گے، اس کیلئے انہیں این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ اس  ترمیم سے ملک سے واپس جانے والے غیرملکی ورکرز کی تعداد کم ہوگی، کیوں کہ پہلے ورکرز    کفیل بدلنے کے لئے این او سی نہ ملنے پر واپس چلے جاتے تھے، اسی طرح غیرملکی ورکرز کے کفیلوں سے فرار ہونے کے واقعات بھی کم ہوجائیں گے، اسی طرح عمانی اور غیرملکی ورکرز کی تنخواہوں میں فرق بھی کم کرنے میں مدد ملےگی، کیوں کہ غیرملکی ورکرز کے پاس اب مارکیٹ کھلی ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.