پاک فیڈریشن اٹلی کی یوم یکجہتی کانفرنس، کشمیریوں کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

0

روم (رپورٹ:تنویر ارشاد):پاکستان فیڈریشن اٹلی کے تحت یوم یکجہتی کشمیر ورچوئل کانفرنس کا انعقاد،گورنر پنجاب، اٹلی میں تعینات سفارتی مشن، یورپین پارلیمنٹیرین کی شرکت، مسئلہ کشمیر کو اعلی یورپی ایوانوں تک پہنچانے سمیت مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم، اور کشمیر کی حق خودارادیت کے حوالے سے یورپ بھر میں احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فیڈریشن اٹلی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ورچوئل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام پاک فیڈریشن اٹلی نے تحریک کشمیر اٹلی کے مشترکہ تعاون سے کیا تھا۔ کانفرنس سے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور اٹلی میں پاکستانی سفیر سلیم جوہر جبکہ پاکستان فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری بشیر امراء، جنرل سیکریٹری چوہدری آ صف رضا، سابق صدر فیڈریشن چوہدری امجد حسین رولیہ، صدر تحریک کشمیر یورپ محمد غالب، صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی، صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف، برلے یوکے کے میئر لارڈ واجد خان، رکن اسمبلی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، رکن ڈنمارک پارلیمنٹ سکندر صدیق، الطاف حسین وانی اور قونصل جنرل میلان ڈاکٹر منظور احمد چوہدری،بابائے میلان چوہدری خالد غازی پور، اسلامک سوسائٹی اٹلی کے صدر چوہدری عامر گوندل، پاک کشمیر فاونڈیشن اٹلی کے سرپرست اعلی چوہدری شہزاد ساہی، تحریک کشمیر اٹلی کے نائب صدر چوہدری بابر وڑائچ ودیگر بھی کانفرنس میں موجود تھے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کشمیر کی تحریک آزادی میں کردار فقیدالمثال ہے، پاکستان کی حکومت اور کشمیر کی عوام صدر پاک فیڈریشن اٹلی بشیر امراء اور ان کے ساتھیوں کی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ پا کستان کے لیے بھی اس کا حل ضروری ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور پاکستان کے ساتھ شامل ہوگا۔ اٹلی میں تعینات پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے لیے جدوجہد کافی عرصہ سے جاری ہے تاہم گزشتہ دو سالوں میں یہ مسئلہ جس طرح دنیا کے سامنے آیا ہے اس میں موجودہ حکومت اور اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے، تحریک کشمیر اور پاکستانی کمیونٹی بریشیا سمیت اٹلی بھر میں تاریخی ریلیاں نکال کر اس مسئلے کو یورپی ایوانوں تک پہنچانے میں مدد کی ہے۔

پاک فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری بشیر امراء نے کہا کہ 25 سالوں سے پاک فیڈریشن اٹلی اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے بھرپور آواز اٹھارہی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تک ہم اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے۔ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ یورپ میں پاکستانی کمیونٹی سب سے زیادہ اٹلی میں آباد ہے جبکہ یورپی یونین میں بھی اطالوی پارلیمنٹیرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اٹلی میں تحریک کشمیر اور پاکستانی کمیونٹی کی جدوجہد نے مسئلہ کشمیر کو اعلی یورپی ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

قونصل جنرل میلان ڈاکٹر منظور احمد چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے کشمیر پالیسی پر تبدیلی کا سوچ بھی نہیں سکتے، حکومت پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ لارڈ واجد خان، محمد غالب ،راجہ فہیم کیانی سکندر صدیق سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر دو ممالک کے درمیان تنازعہ نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے، بھارت اور مودی کی فاشسٹ حکومت نے کشمیر ہی نہیں بلکہ بھارت کے اندر بھی اقلیتوں پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی کی کشمیریوں کےلیے جدوجہد مثالی ہے جس نے بھارتی حکومت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔ کانفرنس کے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے کی جبکہ اختتام پر سابق صدر اسلامک سوسائٹی اٹلی چوہدری طاہر محمود نے خصوصی دعا کروائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.