سینکڑوں تارکین امدادی جہاز میں پھنس گئے، 2 ملکوں سے مدد کی اپیل

0

روم: فرانسیسی این جی او کے جہاز نے یورپ آنے کی کوشش میں بحیرہ روم میں کشتیوں میں پھنس جانے والے 370 تارکین وطن کو بچالیا ہے، تاہم ان تارکین کو بچانے کے بعد این جی او نئی مشکل کا شکار ہوگئی ہے، ان مہاجرین کو جہاز پر سنبھالنا مسئلہ بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی این جی او ایس او ایس میڈیٹیرین کے جہاز اوشن وائکنگ نے بحیرہ روم میں 370 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچالیا ہے۔ تاہم اب ان مہاجرین کو جہاز پر سنبھالنا مسئلہ بن گیا ہے، جہاز کے عملے نے مالٹا اور اٹلی کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ مہاجرین کو اپنے ساحلوں پر اتارنے کی اجازت دی جائے۔ خراب ہوتے ہوئے موسم کے باعث ان پناہ گزینوں کو کسی ساحل پر اتارنا ضروری ہو چکا ہے، جن مہاجرین کو بچایا گیا ہے، ان میں تقریبا 170 کم عمر بچے ہیں اور ان میں سے بھی تقریبا 130 تنہا سفر کررہے ہیں۔

یہ تارکین 3 کشتیوں میں لیبیا سے چلے تھے، اور انہیں دو روز کے دوران مختلف کارروائیوں میں بچایا گیا، 106 تارکین کو لیبیا کی سمندری حدود میں ریسکیو کیا گیا، اور ان  کی حالت خراب ہوچکی تھی، ان میں سے زیادہ تر کا تعلق سوڈان، سیرالیون، اور گینیا سے تھا، 149 تارکین کو دیگر 2 کشتیوں سے بچایا گیا، جن میں 58 کم عمر اور 4 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.