پاکستانیوں ذرا بچ کر! اٹلی پہنچانے کا جھانسہ دیکر لوٹنے کیلئے نئی چال

0

استنبول: پاکستان کے صوبہ پنجاب اور بالخصوص گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور گجرانوالہ کے نوجوان بہتر مستقبل اور خوشحال زندگی گزارنے کیلئے یورپ پہنچنے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں، اور اسی چکر میں وہ کئی بار دھوکہ بھی کھا جاتے ہیں اور ایسے اسمگلرز کے ہتھے چڑ جاتے ہیں،

جو انہیں یورپ پہنچانے کا وعدہ کرتے ہیں اور پیسے لیکر بیچ راستے میں ہی چھوڑ کر فرار ہوجاتے ہیں، اور غریب گھرانے اپنی جمع پونجی گنوا بیٹھتے ہیں، اب ایسا ہی ایک تازہ واقعہ ترکی میں پیش آیا ہے، جہاں یورپ پہنچانے کا جھانسہ دیکر تارکین کو لوٹ لیا گیا ہے، ترک خبر رساں ایجنسی ڈی ایچ اے کے رپورٹ کے مطابق انسانی اسمگلرز کی نئی چال سامنے آئی ہے، اور ترکی میں انسانی اسمگلرز تارکین کو اٹلی پہنچانے کا جھانسہ دیکر ان سے رقم بٹور رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلروں کے ایک گروپ نے 84 تارکین وطن سے فی کس 1 ہزار یورو لیے اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ انہیں اٹلی منتقل کریں گے، ان میں شامل زیادہ تر تارکین کا تعلق افغانستان، شام اور مصر سے تھا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے تارکین وطن کو استنبول سے بٹھا کر 600 کلو میٹر دور اور 30 گھنٹے کی مسافت کے بعد مغربی ترکی کے ہی علاقے ایڈن میں زیتون کے باغات کے قریب اتاردیا، اور ان سے کہا کہ وہ اٹلی پہنچ چکے ہیں۔ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں اجنبی افراد کو دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو طلب کرلیا۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.