تارکین کی ریفریجریٹر میں چھپ کر اٹلی پہنچنے کی کوشش
نیپولی: مشرقی یورپ سے اٹلی میں داخلے کے لئے تارکین نے جانیں خطرے میں ڈال دیں، ریفریجریٹڈ کنٹینر میں جاکر چھپ گئے، اور ان کا یہ جوا کامیاب بھی ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تارکین بلغاریہ سےآ ئے ہیں، اور ان تارکین کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے، اٹلی پہنچنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
تفصیلات کےمطابق اطالوی پولیس نے جنوبی کمپانیا ریجن میں نیپولی کے قریب ایک ٹرک سے 8 تارکین وطن کو برآمد کیا ہے، جو ٹرک کے اس حصے میں چھپے ہوئے تھے، جو ریفریجیٹڈ تھا، اور جہاں ٹھنڈ سے ان کی موت بھی واقع ہوسکتی تھی، لیکن اٹلی میں داخلے کے لئے یہ تارکین اپنی جانوں پر کھیل گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تارکین بلغاریہ سے آئے ہیں، تارکین کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے، ان میں ایک ایرانی خاتون، 4 افغانی اور تین کم عمر شامی لڑکے شامل ہیں۔
پتہ کس طرح چلا
بلغاریہ سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور نے پولیس کے سامنے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ٹرک میں پیچھے سے آوازیں سنیں تو گاڑی روکی، اور جب اس نے ریفریجریٹر والا حصہ کھولا تو وہاں یہ تارکین موجود تھے، تاہم پولیس نے ڈرائیور کے دعوے پر یقین نہیں کیا، اور اسے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے، دوسری طرف تارکین وطن کو بنیونتو میں کارابیری کے ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی اور کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جو سب تارکین کا منفی آیا ہے، اس دوران ایک اور ٹرک کے نیچے چھپا ہوا ایک تارک وطن بھی پولیس کو ملا ہے، یہ ٹرک یونان سے ٹسکونی جارہا تھا۔