کرونا درد سر بن گیا، پاکستانیوں کیلئے عمرہ مہنگا ہونے کا خدشہ

0

اسلام آباد: پاکستان سے عمرہ زائرین کی روانگی کا سلسلہ بحال کرنے کی تیاری، پی آئی اے نے عمرہ کیلئے نئے کرایوں کا اعلان کردیا، عمرہ کے خواہشمندوں کے لئے ٹریول ایجنٹوں نے بھی پیکج تیار کرنے شروع کردئیے ہیں، تاہم کرونا پابندیوں کے باعث پیکج پہلے سے کہیں زیادہ مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے عمرہ کی اجازت ملنے کے بعد پاکستانی زائرین کے لئے بھی حجاز مقدس کے راستے کھل گئے ہیں، پی آئی اے نے عمرہ کے لئے دوطرفہ کرایہ 97 ہزار مقرر کردیا ہے، جس کے بعد ٹریول ایجنٹوں نے بھی اپنے پیکج تیار کرنے شروع کردئیے ہیں، ٹریول ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی کرونا ایس او پیز کی وجہ سے عمرہ گروپوں کی تشکیل اور معاملات فائنل کرنے میں کچھ وقت لگ رہا ہے، تاہم وہ سعودی عرب میں اپنے رابطہ کاروں سے رابطے میں ہیں، اور توقع ہے آئندہ دو ہفتوں کے دوران تمام معاملات طے کرلئے جائیں گے، جس کے بعد پاکستانیوں کو عمرہ پیکج پیش کرنا شروع کریں گے، کرونا ایس او پیز کی وجہ سے عمرہ بہت مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، ایک ٹریول ایجنٹ نے بتایا کہ سب سے پہلے تو ماضی کے برعکس اب سعودیہ جانے والے ہر مسافر کے لئے کرونا ٹیسٹ لازمی ہے، اس کے علاوہ سعودیہ پہنچنے کے بعد تمام زائرین کو 3 دن اپنے خرچ پر قرنطینہ میں رہنا ہوگا، ٹرانسپورٹ کے استعمال میں بھی ایس  اوپیز نافذ ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ بھی مہنگی پڑے گی، اسی طرح اجتماعی رہائش پر بھی پابندی ہے۔

ایک کمرے میں صرف دو زائرین کو رہنے کی اجازت ہوگی، انہوں نے بتایا کہ ٹریول ایجنٹ ان تمام اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیکج تیار کررہے ہیں، تاہم یہ طے ہے کہ عمرہ پہلے سے بہت مہنگا ہوگا، واضح رہے کہ سعودی حکام نے مسجد الحرام میں عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت اور ریاض الجنۃ میں نماز کے لیے پیشگی بکنگ بھی لازمی قرار دے رکھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.