جرمن اور امریکی کمپنی نے مشترکہ طور پر کرونا ویکسین تیار کرلی

0

برلن: امریکی اور جرمن فارماساز کمپنی فائزر اور بائیون ٹیک نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کمپنیوں نے ملکر کرونا ویکسین تیار کرلی ہے، فائزر کمپنی کے سی ای او نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا ویکسین کے فیزتھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس کے 90 فیصد مؤثر نتائج سامنے آئے ہیں۔

دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تیار کردہ کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر آزمائش کی گئی، مریضوں کو 4 ہفتوں کے دوران آزمائشی ویکیسن کی 2 خوراکیں دی گئیں اور دوسری خوراک کے ایک ہفتے بعد ویکسین نے کورونا کے خلاف تحفظ فراہم کرنا شروع کیا، انہوں نے کہا کہ کلینکل ٹرائل کے نتائج بہت کامیاب رہے ہیں اور ابھی تک کورونا ویکسین کے تجربات میں کوئی تشویشناک بات سامنے نہیں آئی۔

امریکی فارما کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ برلا نے اپنے بیان میں کہا کہ آج انسانی تاریخ اور سائنس کیلئے بہت بڑا دن ہے، کورونا ویکسین ٹرائل کے فیز تھری میں 90 فیصد مؤثر نتائج آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ موثر نتائج سامنے آنے پر ویکسین کے رواں ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کےلیے امریکی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں، رابرٹ برلا نے بتایا کہ فائزر جرمنی کی کمپنی بائیواینٹیک کے ساتھ مل کر کورونا ویکسین کی تیاری میں مصروف عمل تھی.

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین جلد آرہی ہے اور اطلاعات ہیں کہ یہ ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے، یہ ایک بہت بڑی خبر ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔

اطالوی وزیر صحت روبرٹو سپیرنزے نے فائزر اور بائیون ٹیک کی جانب سے کرونا ویکسین تیار کرنے کی خبر کو حوصلہ افرا قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.