اٹلی: روم کی میئر ورجینیا ریگی کا انٹرویو

0

روم: اٹلی کے دارالحکومت روم کی خاتون مئیر کو منصب کی فرائض کو پورا کرنے میں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہیں سیکورٹی کیوں لینی پڑی، اس حوالے سے مئیر ورجینیا ریگی نے انٹرویو میں ساری تفصیلات بتادیں ہیں۔ روم کی پہلی خاتون مئیر ورجینیا ریگی حکمران جماعت فائیو اسٹار موومنٹ سے تعلق رکھتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ورجینیا ریگی نے 2016 میں میئر کا عہدہ سنبھالا تھا، تاہم انہوں نے اب ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ کچھ لوگوں نے ان کے اور ان کے خاندان کو جان سے مارنے کا منصوبہ بنالیا تھا، انہوں نے 2018 میں جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شہرت رکھنے والی کیسامونیکا فیملی کی کچھ ناجائز تعمیرات گرائیں، تو انہیں دھمکیاں ملنے لگیں، جس کے بعد وہ پولیس کی سیکورٹی لینے پر مجبور ہوگئیں، ریگی نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ میرے اور میری فیملی کیلئے خطرات ہیں، اور وہ ہمیں نقصان پہنچا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں دیگر طاقتور خاندانوں جیسے کہ ساحل سمندر کے قریبی علاقے میں اسپاڈا فیملی اور شہر کے مشرقی حصے سان بیسلو میں مرانڈو خاندان کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف بھی لڑرہی تھیں، خاتون مئیر نے انٹرویو میں بتایا کہ جب وہ ان خاندانوں کے غیر قانونی اقدامات  کے خلاف کارروائیاں کرتیں، تو لوگ خوش ہوتے، وہ میرے  پاس آتے، اور کہتے کہ آپ  یہ جنگ جاری رکھیں، لیکن پھر وہ ان  طاقتور خاندانوں کے خوف سے پیچھے ہٹ جاتے۔ برطانوی اخبار دی گارجین میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق دوسری طرف خاتون مئیر کو قانونی مسائل کا بھی سامنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے شہر کے سیاحتی شعبے کا سربراہ اپنے ایک قریبی ساتھی کے بھائی کو بنایا۔ اور اس حوالےسے جھوٹ بولا تھا، تاہم  2018 میں انہیں اس الزام سے بری کردیا گیا تھا ، لیکن پراسیکیوٹرز نے ا ن کی بریت کے خلاف  اپیل کررکھی ہے، جس کا فیصلہ اگلے چند ماہ میں متوقع ہے۔

روم کی مئیر کا انٹرویو سامنے آنے کے بعد پولیس کی طرف سے کیسا مونیکا فیملی کے 6 افراد گرفتار کئے گئے ہیں، جن پر  بھتہ خوری، منشیات اسمگلنگ سمیت مختلف الزامات ہیں، پولیس نے گرفتار ملزمان پر مافیا سے تعلق رکھنے اور اس کی معاشی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بھی چارج شیٹ تیار کی ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں اینریکو ڈی سلیوو بھی شامل ہے، جو 2018 میں روکسی بار حملے میں سزا پاچکا ہے، انویسٹی گیشن جج کا کہنا ہے کہ کیسا  مونیکا گروپ نے اپنے زیر اثرعلاقے میں مافیا کی طرح گرفت رکھی ہوئی ہے، اور لوگوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے، جج نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی دکھائی، جس میں اس مافیا کے کارندے منشیات کی وجہ سے قرضے تلے دبنے والے ایک شخص کو دھمکا رہے ہیں، دوسری طرف روم کی مئیر ورجینیا ریگی نے کارروائی پر پولیس اور اینٹی مافیا ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ روم میں مجرموں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.