یونان میں پھنسے بچوں والے مہاجرین کی سنی گئی

0

برلن: یونان میں پھنسے بچوں والے مہاجرین کی سنی گئی، جرمنی نے یونان میں پھنسے مہاجرین کی ایک اور کھیپ کو اپنے ہاں پناہ دے دی ہے، ان مہاجرین کو خصوصی طیارے سے جرمنی کے شہر ہنور میں پہنچادیا گیا  ہے، اب تک ایک ہزار سے زائد مہاجرین کو یونان سے جرمنی لایا جاچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمن حکومت نے یونان میں پھنسے بیمار اور کم عمر مہاجرین اور ان کے خاندانوں کو انسانی ہمدری کی بنیاد پر ملک میں پناہ دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اور گزشتہ روز یونانی جزیرے لیس بوس سے مزید 104 مہاجرین کو خصوصی طیارے کے ذریعہ ہنور شہر پہنچادیا گیا، جرمن حکام کے مطابق ان میں بیمار بچے اور ان کے قریبی عزیز شامل ہیں، اس کے علاوہ 18 برس سے کم عمر بچوں کو بھی یونان سے لایا گیا ہے۔

جرمن وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جن مہاجرین کو لایا گیا ہے، ان میں 17 بیمار بچے اور ان کے قریبی عزیز  جبکہ 27 کم عمر بچے شامل ہیں، جو تنہا ہیں، جرمنی نے لیس بوس کے یونانی جزیرے پر ستمبر میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد مجموعی طور پر1553 مہاجرین کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب 400 تک ان بچوں کو بھی قبول کیا جارہا ہے، جن کی عمر18 برس سے کم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.