اٹلی میں سینکڑوں اموات کی وارننگ، لاک ڈاؤن کیلئے حکومت پر دباؤ

0

روم: اٹلی میں ملک گیر لاک ڈاؤن کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے، سائنسدانوں اور ماہرین معیشت نے صدر اور وزیراعظم کو خط لکھ کر صورتحال سنگین ہونے اور فوری اقدامات پر زور دیا ہے، ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ تاخیر کی صورت میں روزانہ سینکڑوں اموات اور بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی صورتحال بگڑ گئی ہے، اور مریضوں کا نیا ریکارڈ سامنے آیا ہے، جمعہ کو مجموعی طور پر 19 ہزار143 نئے مریض رجسٹرڈ کئے گئے ہیں، جو اب تک کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے، اطالوی وزارت صحت کے مطابق ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار ہوگئی ہے، اس کے ساتھ 91 نئی اموات بھی ہوئی ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات 37 ہزار سے بھی بڑھ گئی ہیں۔ شمالی لمبارڈیا ریجن میں صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے، جہاں 5 ہزار نئے کیس سامنے آئے، جبکہ کمپانیا اور پیڈمونٹ میں مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ رہی ہے۔

سائنسدانوں اور ماہرین معیشت کا خط

اٹلی کے سو سے زائد سائنسدانوں اور ماہرین معیشت نے بھی اطالوی وزیراعظم اور صدر کو کھلا خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے مزید ہزاروں کیس اور اموات روکنے کیلئے اگلے دو سے تین روز میں مزید سخت اقدامات اٹھانا ضروری ہوگیا ہے، انہوں نے خبردار کیا ہے کہ ہم جتنی تاخیر کریں گے، اس کا اتنا ہی زیادہ معاشی نقصان بھی ہوگا، کیوں کہ پھر یہ اقدامات ہمیں زیادہ عرصے کیلئے کرنے پڑیں گے، سائنسدانوں اور معیشت دانوں نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری اور سخت اقدامات کرے، ورنہ ہمیں ہر روز سینکڑوں اموات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کمپانیا میں لاک ڈاؤن

کمپانیا  کے گورنر وین سینزو ڈی لوسا نے اپنے ریجن میں جلد لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا پر قابو پانے کے لئے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کیا جائے، کیوں کہ صورتحال ہاتھ سے نکل رہی ہے، کمپانیا کے گورنر کا کہنا ہے کہ حکومت نے جو جزوی اقدامات اٹھائے ہیں، وہ وبا کے کنٹرول میں ناکام رہے، اس لئے ضروری ہوگیا ہے کہ اب ضروری اشیاء کے علاوہ دیگر تمام شعبے بند کردئیے جائیں، شہریوں پر مختلف ریجن اور قصبوں میں آمدورفت پر پابندی لگائی جائے، انہوں نے کہا کہ ہم کمپانیا میں یہ سب کچھ جلد کرنے جارہے ہیں، اسکولوں کو ہم نے بند کردیا ہے، جبکہ رات کا کرفیو پہلے ہی نافذ ہے۔

فیس بک پر ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ چند گھنٹوں میں نئے احکامات جاری کرنے والے ہیں، جس کے تحت کمپانیا میں 30 سے 40 روز کے لئے لوگوں کی نقل وحرکت محدود کردی جائے گی۔

دوسری طرف لمبارڈیا ریجن جس میں اٹلی کا معاشی مرکز میلان بھی شامل ہے، وہاں کے گورنر نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ  رات کے کرفیو کا احترام کریں، اور رات 11 سے صبح 5 بجے تک گھروں میں رہیں، اس کے علاوہ لازیو اور کمپانیا ریجن    میں بھی رات کے کرفیو پر عمل شروع ہوگیا ہے، جبکہ  کلابریا اور پیڈ مونٹ نے اگلے ہفتہ سے رات کے کرفیو کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا انکار

اطالوی وزیراعظم جوسپے کونتے نے ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے وبا روکنے کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے، انہوں نے کہا کہ اٹلی سمیت یورپ میں کرونا کا مرض دوبارہ بڑھتا جارہا ہے، لیکن ہمیں دوبارہ قومی لاک ڈاؤن   سے بچنا ہے، کیوں کہ اس کا نتیجہ معاشی تباہی کی صورت میں نکلتا ہے، ہمیں اپنے اسکول، دفاتر، فیکٹریوں میں پیداوار سب کچھ بچانا ہے، اور اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور حکومتی ہدایات پر عمل کیا جائے، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر کہیں صورتحال بگڑتی ہے، تو حکومت مداخلت کیلئے تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.