اٹلی میں خریداری پر اب ہوگی یورو کی بارش

0

روم: اٹلی میں خریداری کے بعد بینک کارڈ کے ذریعہ ادائیگی پر اب آپ کو ملے گا سینکڑوں یورو کا انعام، حکومت نے نئی لاٹری اسکیم متعارف کرادی ہے، اس اسکیم کا مقصد کیش کے بجائے بینک کے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کی حوصلہ افزائی کرنی ہے، لیکن اسکیم سے خریداروں پر ہوگی یورو کی بارش۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں حکومت نے نئی ’’کیش بیک‘‘ اسکیم کی منظوری  دے دی ہے، جس میں الیکٹرانک یعنی کارڈ کے ذریعہ  شاپنگ پر خریداروں کو انعام دئیے جائیں گے، جن میں سب سے بڑا انعام 1500 یورو کا ہوگا، اس اقدام کا مقصد ایک طرف کرونا سے متاثرہ معیشت کو بحال کرنا ہے اور دوسری طرف ٹیکس چوری روکنا بھی اس کا اہم ہدف ہے، اسکیم کے تحت پہلی قرعہ اندازی کرسمس خریداری کے بعد فروری2021  میں کی جائے گی، ایسے افراد جو سب سے زیادہ بار یعنی تعداد کے لحاظ سے نہ کہ رقم کے لحاظ سے ڈیجیٹل ادائیگی کریں گے، ان میں سے پہلے ایک لاکھ  افراد میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 1500 یورو کے انعام کے حقدار چنے جائیں گے، جبکہ اس سے چھوٹے لاتعداد انعام بھی اسکیم کا حصہ ہیں۔

اٹلی کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسکیم کے تحت ہر 6 ماہ بعد ان افراد کو ادائیگی کی جائے گی، جو کیش کے بجائے زیادہ سے زیادہ  ڈیجیٹل ادائیگی کا راستہ اپنائیں گے، دوسری قرعہ اندازی جولائی 2021، پھر جنوری 2022 اور اسی طرح ہر 6 ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعہ سینکڑوں یورو بطور انعام تقسیم کئے جائیں گے۔

قرعہ اندازی میں شمولیت کیلئے اہلیت

قرعہ اندازی میں شمولیت کے لئے ضروری ہوگا کہ آپ نے 6 ماہ میں کم ازکم  50 بار ڈیجیٹل یعنی کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کی ہو، اس کے علاوہ آپ کی عمر 18 برس یا اس سے زائد ہونی چاہئے، آپ کا بینک اکاؤنٹ ہونا بھی ضروری ہے، حکومت کو امید ہے کہ اسکیم سے نہ صرف شہریوں کو سینکڑوں یورو انعام کا فائدہ ملے گا، بلکہ اسے ٹیکس چوری روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ اٹلی کو ٹیکس چوری کے حوالے سے یورپی یونین میں ٹاپ پر سمجھا جاتا ہے، اور ایک اندازے کے مطابق صرف گزشتہ برس 35 ارب یورو سے زائد کا ٹیکس چوری کیا  گیا، تاہم ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعہ حکومت اس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.