اسپین میں کرونا مریض ایک ملین سے بڑھ گئے، اٹلی میں ہلاکتوں میں بڑا اضافہ

0

روم: اسپین میں کرونا مریضوں کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کرگئی، اسپین پہلا یورپی ملک بن گیا ہے، جہاں مریضوں کی تعداد نے یہ ہندسہ عبور کیا ہے، فرانس بھی ایک ملین کے قریب پہنچتا جارہا ہے، جبکہ اٹلی میں دوسری لہر میں پہلی بار اموات سو سے تجاوز کرگئی، مزید ریجنز نے کرفیو کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کیسز کی تعداد بدھ کو 15 ہزار سے بھی بڑھ گئی اور محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں 15 ہزار 199 مریض سامنے آئے ہیں، جو ایک روز پہلے تک 11 ہزار705 تھے، اسی طرح ایک دن میں اموات 89 سے بڑھ کر 127 تک پہنچ گئی ہیں، لمبارڈیا ریجن میں 4125 کیس سامنے آئے ہیں، نئی صورتحال میں دارالحکومت روم کے لازیو ریجن نے بھی رات کے کرفیو کا فیصلہ کیا ہے، برطانوی خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ سے اس پر عمل شروع ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں پر بھی کچھ پابندیوں کا امکان ہے، لمبارڈیا اور کمپانیا ریجن پہلے ہی رات کے کرفیو کا اعلان کرچکے ہیں۔

اسپین کی صورتحال

اسپین میں 16 ہزار 973 نئے کیس سامنےآئے ہیں، جس کے بعد کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ فرانس 9 لاکھ 30 ہزار کے ساتھ  دوسری نمبر پر ہے، اسپین یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے، جس میں کرونا مریضوں کی تعداد ایک ملین سے بڑھ گئی ہے، ہسپانوی وزارت صحت کے مطابق وبا کے آغاز سے لے کر اب تک ملک میں 10 لاکھ 5 ہزار 295 مریض ریکارڈ کئے جاچکے ہیں، جبکہ کل اموات 34 ہزار366 ہو گئی ہیں۔

بڑھتے ہوئے مریضوں کے بعد اسپین کے مختلف ریجنز نے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، نادرن اراگون کی ریجنل حکومت نے  تین شہروں Zaragoza, Huesca ،Teruel  کی بیرونی حدود کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ نوارا اسپین  کا پہلے ریجن بننے جارہا ہے، جو جمعرات سے اپنے بارڈر بند کررہا ہے، جس کے بعد وہاں سے بغیر ایمرجنسی اور پاس کے آمد ورفت پر پابندی ہوگی۔

La Rioja  نے بھی جمعہ سے بارڈر بند  کرنے کا اعلان کیا ہے، اسپین  کے وزیر صحت سلواڈور نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ اگلے چند ہفتے بہت مشکل ہیں، وبا پر کنٹرول کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے وہ ریجنل ہیلتھ سربراہان سے ملاقات کرنے والے ہیں، جس میں رات کے کرفیو سمیت مختلف اقدامات پر غور ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.