پیرس کے نواح میں تھانے پر نامعلوم افراد کی چڑھائی

0

پیرس: فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے مصافات میں پولیس اسٹیشن پر شرپسندوں نے چڑھائی کی ہے، حملہ کرنے والوں میں 40 سے زائد افراد شامل تھے اور ان کے پاس آتش گیر مادہ بھی موجود تھا، حملے میں پولیس کی کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیرس کے مصافات میں Champigny-sur-Marne میں 40 سے زائد شرپسندوں نے چڑھائی کردی، جن کے پاس آتش گیر مادہ بھی موجود تھا، پیرس کے نواحی علاقوں میں تارکین وطن نسل کے لوگوں کی اکثریت رہتی ہے، اورجرائم کی شرح زیادہ ہے، اور پولیس سے تصادم کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، فرانسیسی خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعہ میں  تھانے کا داخلی حصہ اور کئی پولیس گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا، حملہ کا شبہ منشیات فروشوں پر ظاہر کیا جار ہا ہے۔

شہر کے مئیر لارنٹ جینی نے مقامی چینل سے گفتگو میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ اس واقعہ کا ردعمل ہوسکتا ہے، جس میں کچھ روز قبل پولیس نے  ایک اسکوٹر سوار کو روکا تھا، تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی، وزیر داخلہ گیرالڈ ڈرمینن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، اور منشیات کے خلاف ہماری مہم جاری رہے گی۔

دوسری طرف پولیس حملہ آوروں کے خلاف تحقیقات کررہی ہے، لیکن فوری طور پر کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس یونین کا کہنا ہے کہ تھانے پر یہ حملہ پیرس کے نواحی علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کو بڑھتے خطرات کی طرف اشارہ کرتا ہے، یونین کے ترجمان فریڈرک لگیشی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والوں کا احترام ختم ہوتا جارہا ہے اور بدقسمتی سے اس رجحان کو روکنے میں حکومت کامیاب نہیں ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.