فیس بک دوستی نے دبئی کے کروڑ پتی پاکستانی کو جیل پہنچادیا

0

دبئی: دبئی میں خاتون سے فیس بک دوستی نے پاکستانی کو کنگال کردیا اور آخر میں جیل بھی پہنچادیا، جی ہاں سوشل میڈیا پر دوستی کا یہ برا انجام ہوا ہے، ایک 31 سالہ پاکستانی کا، جس کا نام دبئی کے حکام نے ظاہر نہیں کیا۔

اس پاکستانی کی فیس بک پر ایک پاکستانی خاتون سے ہی دوستی ہوگئی، جو بعد میں اس کے مطابق منگنی میں تبدیل ہوئی، اس دوران دونوں دبئی میں ساتھ گھومتے پھرتے رہے، یہ دوستی 7 برس تک چلتی رہی، جس کے دوران پاکستانی شہری نے اپنی دوست اور بعد میں اس کے بقول منگیتر بن جانے والی خاتون پر ایک ملین درہم سے زائد رقم خرچ کی۔

ان میں سے 90 ہزار درہم کے تو زیورات لے کردئیے جبکہ 65 ہزار درہم کی گاڑی خرید کر دی، تاہم اس سال جنوری میں اس پاکستانی کو پتہ چلا کہ وہ جس خاتون کو اپنی دوست و منگیتر سمجھتا ہے، وہ تو کسی اور کی بیوی بن چکی تھی۔

اس کے بعد اس نے خاتون سے دھوکے کا بدلہ لینے کا فیصلہ کیا، اور فیس بک اور انسٹا گرام پر اس خاتون کے نام سے جعلی اکاؤئنٹس بنا کر اس کی نجی تصاویر جاری کرنی شروع کردیں، خاتون کو اس کا علم ہوا تو اس نے اپنے سابق دوست سے رابطہ کیا، لیکن مذکورہ پاکستانی شہری نے اسے جواب دیا کہ تم نے میرے ساتھ دھوکہ کیا ہے، لہذا یا تو میرے پیسے واپس کردو، ورنہ میں تمھیں تمھارے شوہر سمیت دیگر کے سامنے بدنام کردوں گا، جس کے بعد مذکورہ خاتون نے دبئی پولیس سے رجوع کرلیا۔

دبئی کے پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کا موقف ہے کہ شادی میں تاخیر کی ذمہ دار وہ نہیں بلکہ یہ شخص تھا، اور وہ اس سے پیسوں کا بھی تقاضا کررہا تھا، مذکورہ شخص نے اسے بلیک میل کیا اور بدنام کرنے کی دھمکی دی، اب اس خاتون کی درخواست پر دبئی کی عدالت نے اس پاکستانی شہری کو 3 ماہ قید کی سزا سنادی ہے  یوں فیس بک کی دوستی کا انجام بالاخر جیل کی سلاخوں کی صورت میں ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.