راولپنڈی میں چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنانے والی خواتین گرفتار

0

راولپنڈی: راولپنڈی میں مری روڈ پر لیاقت باغ کے قریب چالان کرنے پر ٹریفک وارڈن پر حملہ کرنے والی 3 خواتین  کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 مذکورہ خواتین گھر کے فرد کے ساتھ  کیری وین میں جارہی تھیں کہ اس دوران ٹریفک خلاف ورزی پر وارڈن نے ان کی گاڑی کو روکا، اور چالان کرنے لگا، جس پر تینوں خواتین گاڑی سے نیچے اتر آئیں اور وارڈن پر جوتے برسانے شروع کردئیے، اس موقع پر وہاں موجود شہری بھی ہکا بکا رہ گئے۔

دوسری طرف وارڈن نے کمال صبر کا مظاہرہ کیا اور خواتین کے حملے کا کوئی جواب  نہ دیا، بعدازاں سٹی پولیس نے تینوں خواتین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعہ انہیں اٹک سے گرفتار کرلیا گیا۔

سی پی او راولپنڈی  محمد احسن یونس  کا کہنا ہے کہ قانون کی رٹ کو چیلنج اور وردی کے تقدس کی پامالی قطعأ برداشت نہیں کی جائے گی، ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب گرفتاری کے بعد تینوں خواتین نے ویڈیو بیان میں اپنے اقدام پر شرمندگی کا اظہار کیا اور معافی کی درخواست کی ہے، تاہم پولیس انہیں عدالت میں پیش کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.