پی آئی اے پر پابندی، ترکش ائیر لائن پاکستان کی مدد کو آگئی

0

اسلام آباد: دوست ملک ترکی کی ائیر لائن نے پی آئی اے کی یورپی پروازوں پر پابندی کے بعد پاکستانی پھل اور سبزیاں رعایتی نرخ پر یورپ، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر ممالک تک پہنچانے کی پیشکش کردی ہے۔

ترکش ایئرلائن نے پھلوں کے برآمد کنندگان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان سے آم سمیت دیگر پھل اور سبزیوں کی یورپ تک برآمد کے لیے رعائیتی کرائے لئے جائیں گے۔اس حوالے سے استنبول میں پاکستانی قونصل جنرل بلال خان پاشا نے گزشتہ ہفتے ترکش ایئرلائن کے چیئرمین سے ملاقات کی تھی جس میں چیئرمین نے پاکستان کے لیے پروازوں کے آغاز اور یورپی یونین کے لیے پھل سبزیوں کی ترسیل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

جس کے بعد پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کی قیادت میں برآمد کنندگان نے ترکش ایئرلائن کے پاکستان میں جنرل منیجر گرہان سوزن سے ملاقات کی۔

جنرل منیجر ترکش ائرلائن نے وفد کو بتایا کہ ترکش ائر لائن نے کراچی ،لاہور اور اسلام آباد کیلئے پروازوں کا شیڈول تیار کرلیا ہے ، انہوں نے برآمد کنندگان کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ متوقع برآمدی حجم سے آگاہ کریں ،تاکہ ترکش ائر لائن اس کے مطابق انتظامات کرسکے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.