کرونا فرانس کی نجی ائرلائن کو بھی کھاگیا

0

پیرس: کرونا بحران فضائی اور سیاحتی صنعت پر سب سے بھاری ثابت ہوا ہے، اور دنیا بھر میں فضائی صنعت اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے، بھارتی حکومت نے تو ائر انڈیا سے جان چھڑانے کے لئے اس کی نجکاری کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دوسری طرف ایمریٹس اور جرمن لفتھانسا سمیت بڑی بڑی ائرلائنز ملازمین کی چھانٹی کررہی ہیں، تاہم کچھ ائر لائنز ایسی بھی ہیں جو بقا کی یہ جنگ ہار رہی ہیں، اور ان میں فرانس کی نجی ائرلائن بھی شامل ہے، جس نے اپنا آپریشن ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

لیول فرانس نامی ائرلائن جس کی بیشتر پروازیں یورپ کے اندر چلتی تھیں، اس نے اپنا آپریشن یہ کہہ کر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے کہ اب مسافروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، ایسے میں ائرلائن کا وجود برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔

اس ائرلائن نے اپنے آپریشن کا آغاز 14 برس قبل 2006 میں کیا تھا، اور پہلے اس کا نام اوپن اسکائیز تھا، تاہم دو برس قبل ائرلائن نے نام تبدیل کرتے ہوئے لیول فرانس کا نام اپنا لیا تھا۔

ائرلائن کا کہنا ہے کہ کرونا کی وجہ سے مسافروں کی تعداد2019 کی سطح پر واپس نہیں آئے گی اور 2023 تک صورتحال میں بڑی تبدیلی کی کوئی امید نظر نہیں آتی، اس لئے ائرلائن اپنا آپریشن ختم کررہی ہے، اور ملازمین کیلئے پیکج بھی تیار کیا جارہا ہے، جس پر ملازمین کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.