دبئی سے واپسی کیلئے کرایہ نامہ، ٹکٹ کا طریقہ کار جاری

0

دبئی: متحدہ عرب امارات سے وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کو ایک بار پھر سفارتی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ وہ ٹکٹ کیلئے ایجنٹوں سے رابطہ نہ کریں، ایجنٹ ان سے فراڈ کرسکتے ہیں اور اضافی رقوم بھی اینٹھ سکتے ہیں، ٹکٹ کیلئے صرف پی آئی اے کے دفتر سے رجوع کیا جائے۔

دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے ویڈیو بیان میں ہم وطنوں سے کہا ہے کہ دبئی اور امارات کے شمالی علاقوں میں مقیم پاکستانی وطن واپسی کیلئے کسی ایجنٹ کی باتوں میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی سے کراچی کا اکانومی کلاس کا کرایہ 810 درہم جبکہ بزنس کلاس کا کرایہ 1900 درہم رکھا گیا ہے۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور ، ملتان اور فیصل آباد کیلئے پی آئی اے کا کرایہ اکانومی کلاس 1120 درہم اور بزنس کلاس کیلئے 2200 ہے، اس سے زیادہ رقم کسی کو ادا نہ کی جائے۔

انہوں نے پھر اس با ت کو دہرایا کہ ٹکٹ صرف پی آئی اے دفتر سے ملے گا، اس کیلئے پہلے آپ کو قونصلیٹ سے کال آئے گی، جس کے بعد آپ جاکر کیش یا کارڈ کے ذریعہ اپنا ٹکٹ پی آئی اے سے حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے ہم وطنوں سے کہا کہ اگر کوئی انہیں ٹکٹ کراکے دینے کا کہتا ہے تو اس بارے میں دبئی پولیس یا قونصل خانے کو آگاہ کیا جائے، تاکہ فراڈیوں کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.