جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر کی جرمن صدر سے ملاقات

0

رپورٹ: مطیع اللہ

برلن: جرمنی میں تعینات ہونےوالےپاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نےجرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر سے ملاقات کی جس میں انہوں نےصدر پاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان کے نئے تعنیات ہونے والے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر کے جرمنی میں سفارتی ذمے داریاں سنبھال لی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر محمد فیصل گزشتہ ماہ سے جرمنی میں موجود ہیں تاہم کورونا وائرس کے باعث تقریبات ملتوی ہونے پر سفارتی اسناد پیش کرنے میں تاخیر ھوئی۔

سفارت اسناد کی تقریب جرمن صدارتی محل ’شلوس بیلویو‘ میں منعقد کی گئی، جس میں کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی تدابیر کا بھی خیال رکھا گیا، تقریب میں ڈاکٹر فیصل کے ساتھ ان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پرسفیرِ پاکستان نے جرمن صدر سے مختصر ملاقات بھی کی ،جس میں انہوں نےوزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

صدر سے ملاقات میں پاک جرمن باہمی تعلقات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ  پاکستانی کیمونٹی، اسٹوڈنٹس اور مختلف تجارتی امور سمیت اہم ایشوز پربھی بات چیت ہوئی۔ جرمن صدر اشٹائن مائر نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط تعلقات کی یقین دہانی کرائی، اور سفیرِ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔

واضح رہے کہ جرمنی پاکستان کا یورو زون میں سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے اور مستحکم پاک جرمن تعلقات پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.