بھارتی پنجاب اور ممبئی  کو ہلانے کی طاقت ہے لیکن ہماری یہ پالیسی نہیں،جنرل امجد شعیب

0

اسلام آباد:دفاعی تجزیہ نگارلیفٹیننٹ (ر)جنرل امجد شعیب کا کہنا ہے کہ بھارت کو کوئی غلط فہمی ہے تو وہ پاکستان کے ساتھ شرارت کرکے دیکھ لے،اسے دن میں تارے نظر آجائیں گے،ہمارے پاس بھارتی پنجاب اور ممبئی میں ایسے اثاثے موجود ہیں کہ  بھارت کی چولیں ہلاسکتے ہیں،لیکن پاکستان کی  ایسی پالیسی نہیں ہے۔

احساس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےلیفٹیننٹ جنرل(ر) امجد شعیب نے کہا کہ  کشمیر میں مداخلت کے بھارتی الزامات بھونڈے ہیں ،14 چھوڑیں بھارت ایک لانچنگ پیڈ کا ہی ثبوت  پیش کردے،ایسی کون سی ایجنسی ہوگی جو اپنے لوگ وہاں بھیجے گی،اصل میں کشمیریوں نے بھارت کیخلاف بندوق اٹھا لی ہے،جس سے وہ پریشان ہے،بھارت نے سوچا تھا کہ کشمیر کو ہضم کرنے کے بعد وہ  چھ سات ہزار گرفتاریوں کے ذریعہ ان کی مزاحمت دبا دے گا لیکن اس میں وہ ناکام ہوگیا۔

جنرل امجد شعیب نے کہا کہ  مودی اور اجیت دوول کی جوڑی ہر محاذ پر نا کام ہوگئی ہے اور وہ اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان  کو نشانہ بنانے کے خواب دیکھتے ہیں،لیکن ایسی غلطی کی تو اتنی چھترول ہوگی کہ  اسے بھلا نہیں پائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہےلیکن مودی نے اسے یونین ٹیرٹری قرار دےکر خود کو پھنسا لیا،یہ علاقہ تو پاکستان کے علاوہ چین کیلئےبھی متنازعہ تھا،حالیہ دنوں میں چین نے لداخ میں جو کچھ کیا ہے،یہ مودی کی اس پالیسی کو ردعمل بھی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی رائے عامہ بھی بیدار ہورہی ہے،اس دوران مودی نے لاک ڈاون کی ایسی پالیسی اختیار کی کہ اس نے ان کی معیشت کو بٹھا دیا ہےاور لاکھوں  مزدورسڑکوں پر دھکے کھارہے ہیں۔

جنرل امجد شعیب نے کہا کہ افغانستان میں بھی مودی کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ، امریکہ کے جانے کے بعد وہاں طالبان کا کردار اہم ہوگا اور وہ بھارت کی پاکستان کیخلا ف دال نہیں گلنے دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.