پاکستانی کاردشن عید مبارک“، ارطغرل غازی کا عید پر اردو میں پیغام

0

عالمی شہرت یافتہ ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو اینجن التان نے پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے ہیرو اینجن التان نے پاکستانیوں کے لیے اردو میں ویڈیو پیغام جاری کیا اور عید کی مبارک باد دی۔

اینجن التان نے عید کے موقع پر پاکستانیوں سے اپنے پیغام کے ذریعے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کو پاکستان میں بے حد پسند کیا جارہا ہے جس پر میں پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں کیسے پاکستانی بہن بھائیوں کا شکریہ ادا کروں، ڈرامہ سیریز کو ناقابل یقین رسپانس حاصل ہوا ہے۔

 

انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

خلافت عثمانیہ کے جد امجد ارطغرل غازی کی زندگی پر بنی ترک سیریل نے پاکستان میں کامیابی کی تاریخ رقم کردی ہے اور اس کی اردو ڈبنگ کے ساتھ پی ٹی وی پر نشر کی گئی اب تک کی اقساط کو 25 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے لے کر عام پاکستانی تک سب اس کے مداح ہیں اور یہ ڈرامہ پاکستان میں اسلامی ثقافت کے احیا میں اہم کردار ادا کرنے جارہا ہے۔

اس کی ہر قسط میں ابن العربی یا کوئی اور کردار سیرت نبوی یا صحابہ کرام کا واقعہ سناتا ہے اور یوں یہ سیریل اسلامی تاریخ سے بھی لوگوں کو روشناس کرانے کا سبب بن رہی ہے۔

نئی نسل جو صلیبیوں کی مسلمانوں کیخلاف سازشوں سے لا علم تھی، جو مسلم ریاستوں کی کمزوری کے نتیجے میں ان پر آنے والے منگولوں کے قہر سے زیادہ واقف نہیں تھی اس سیریل کے ذریعہ وہ پوری تاریخ سے آگاہ ہورہی ہے۔

نئی نسل یہ جان رہی ہے کہ اگر دشمن کو موقع دیا جائے، بہکاوے میں آکر ریاست کو کمزور کردیا جائے تو پھر اس قوم کا انجام وہی ہوتا ہے جو منگولوں نے بغداد اور قونیہ میں مسلمانوں کے ساتھ کیا تھا۔

اس ڈرامے کی مقبولیت پر اس کے کردار بھی بہت خوش ہیں اور یہ پاکستان ترکی عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔

خیال رہے کہ ڈرامے کے کئی کردار کرونا بحران کے بعد پاکستان آنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.