پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ لاء آرگنائزیشن کا صدر منتخب

0

روم (رپورٹ: تنویرارشاد): پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ لاء آرگنائزیشن (IDLO) کا 3 سال کی مدت کے لیے صدر منتخب ہوگیا، اٹلی میں تعینات سفیر پاکستان جوہر سلیم صدارت کے فرائض سرانجام دیں گے، امریکہ اور اٹلی آرگنائزیشن کی نائب صدارت سنبھالیں گے، امریکہ نے تین سالہ میعاد پوری ہونے پر عہدہ خالی کردیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پا کستان کی موجودہ حکومت کی کامیاب سفارتکاری اور خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ لاء آرگنائزیشن (آئی ڈی ایل او) کا صدر منتخب ہوگیا ہے، پاکستان کو متفقہ طور پر اسمبلی برائے پارٹیز کا صدر اور بین الاقوامی ترقیاتی قانون آرگنائزیشن (آئی ڈی ایل او) کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر تین سال کی مدت کیلئے منتخب کیا گیا ہے، اٹلی میں پاکستان کے سفیر جوہر سلیم آرگنائزیشن کی صدارت کے اضافی فرائض بھی سرانجام دیں گے۔ انتخابات آئی ڈی ایل او کی پارٹیوں کی اسمبلی کی سالانہ کانفرنس میں ہوئے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب پاکستان نے آئی ڈی ایل او میں قائدانہ کردار حاصل کیا ہے، جس نے اپنے دائرہ کار اور وژن کو بڑھایا ہے، پاکستان نے سفیر جوہر سلیم کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا جنہوں نے اس حوالے سے بھرپور مہم چلائی کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی، ہر ایک کو انصاف تک رسائی حاصل ہے۔

صدر منتخب ہونے پر سفیر پاکستان جوہر سلیم نے تقریر کرتے ہوئے تمام ممبر ممالک کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دنیا میں انصاف اور ترقی کے فروغ کے مشترکہ اہداف کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بطور صدر منتخب ہونا خوش آئند ہے اور سفارتی سطح پر بھارت کی شکست ہے، پاکستان پر اعتماد کرنے پر آئی ڈی ایل او ممبران کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کرپشن و بدعنوانی کو ختم کرنے، نظام انصاف میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے دو جہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے، ممالک میں جرائم کی روک تھام کیلئے عدالتوں اور سیکیورٹی اداروں کو مزید وسائل فراہم کرکے ان کی صلاحیت کو بڑھا کر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے.

دوسری طرف اس سے زیادہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ناجائز دولت دوسرے ممالک یا آف شور کمپنیوں کے ذریعے دیگر ممالک میں منتقل نہ کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے قومی وسائل کو صرف اپنی وسیع آبادی کی بہتری کے لئے استعمال کیا جاسکے۔ جوہر سلیم نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی کی بیخ کنی سے نہ صرف قانون کی حکمرانی اور مساوی حقوق کو یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

خیال رہے کہ روم میں ہیڈ کوارٹر کے ساتھ IDLO واحد بین الاقوامی آرگنائزیشن ہے جو دنیا میں قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لئے کام کرتی ہے، یہ ادارہ 1988 میں قائم کیا گیا تھا، اس کے 37 ممبر ممالک ہیں، جبکہ 90 سے زائد ممالک اور قانونی نظاموں کے ساتھ کام کررہی ہے، آئی ڈی ایل او نے انصاف تک رسائی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک مخصوص مینڈیٹ کے ساتھ دنیا بھر میں قانونی اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے فریم ورک بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ لا آرگنائزیشن (آئی ڈی ایل او) بین الاقوامی سطح پر انصاف، معیشت، صحت، خوراک اور انسانی حقوق سمیت دیگر شعبوں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان سن 2015 سے آئی ڈی ایل او کا ممبر  ہے اور اس سے قبل اس نے ممبر کی حیثیت سے اسٹینڈنگ کمیٹی اور آڈٹ اینڈ فنانس کمیٹی میں خدمات انجام دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.