فرانس میں پولیس نے تارکین وطن کا کیمپ اکھاڑ پھینکا

0

پیرس: فرانسیسی حکومت نے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے تارکین وطن کے ایک کیمپ کے خلاف آپریشن کیا ہے اور ان کا ایک کیمپ اکھاڑ پھینکا ہے، جہاں سینکڑوں غیرملکی مقیم تھے، اس موقع پر پولیس نے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا، کیمپ کو کرونا کی وجہ سے حفاظتی نکتہ نظر سے ختم کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیرس میں پولیس نے تارکین وطن کے ایک کیمپ کے خلاف آپریشن کیا ہے۔ پولیس علیٰ الصبح بسیں لے کر پیرس کے شمالی حصے میں فرینچ نیشنل اسپورٹس اسٹیڈیم کے قریب قائم تارکین وطن کے کیمپ پر پہنچی، اور تارکین کو اعلانات کے ذریعہ بسوں میں سوار ہونے کی ہدایت کی، اور کہا کہ انہیں کسی دوسری جگہ کیمپ میں منتقل کیا جارہا ہے، اس کیمپ میں خواتین و بچوں سمیت 2 ہزار سے زائد غیرملکی مقیم تھے۔ اس موقع پر بسوں میں سوار ہونے کی جلدی اور کچھ تارکین وطن کی جانب سے فرار کی کوشش سے بھگدڑ جیسی صورتحال بھی کچھ  دیر کے لئے پیدا ہوئی، تاہم پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کرکے صورتحال کو کنٹرول کر لیا، تارکین کی منتقلی کے آپریشن کے دوران این جی اوز کے نمائندے بھی وہاں پہنچ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی سے مہاجرین کی منتقلی کا عمل شروع

حکام کا کہنا ہے کہ اس کیمپ کو کرونا کی وجہ سے  حفاظتی نکتہ نظر سے ختم کیا گیا ہے، فرانسیسی وزیرداخلہ گیرالڈ ڈرمین  کا کہنا ہے کہ کیمپ میں تارکین وطن برے حالات میں رہ رہے تھے، اور ہم نے انہیں زیادہ اچھی جگہ پر منتقل کیا ہے، زیادہ ترتارکین کا تعلق افغانستان، سوڈان اور صومالیہ سے ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.