اٹلی میں غیرملکیوں کے کن بچوں کو شہریت ملے گی، فارمولا آگیا

0

روم: اٹلی میں مقیم غیرملکی خاندانوں کے بچوں کو شہریت کے لئے 18 برس تک کی عمر کا انتظار کرنا پڑتا ہے، اور اس کیلئے بھی بچے کی پیدائش اٹلی میں ہونی چاہئے، ورنہ یہ عمل مزید طویل ہوسکتا ہے، تاہم اطالوی مئیر نے اپنے علاقے میں غیرملکیوں کے بچوں کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان کرنے کے بعد فارمولا بھی بتادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلونیا میں جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی آباد ہے، وہاں کے مئیر Matteo Lepore نے چند روز قبل اپنے علاقے میں مقیم غیرملکیوں کے بچوں کو اعزازی شہریت دینے کا اعلان کیا تھا، اس حوالے سے انہوں نے الیکشن مہم میں وعدہ بھی کیا تھا، اب مئیر نے اعزازی شہریت دینے کا فارمولا بھی بتادیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بلونیا بلدیہ غیرملکی خاندانوں کے ان بچوں کو شہریت دے گی، جن کے والدین قانونی طور پر مقیم ہیں، ان میں اٹلی میں پیدا ہونے والے بچوں کے علاوہ بیرون ملک پیدا ہونے والے بچوں کو بھی مشروط طور پر اعزازی شہریت سے نوازا جائے گا، بیرون ملک پیدا ہونے والے وہ بچے اعزازی شہریت کے حقدار ہوں گے، جو اطالوی زبان کا کورس مکمل کرچکے ہیں، یا پھر انہوں نے کم از کم ایک اطالوی اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت غیرملکی خاندانوں کے 11 ہزار بچے ایسے ہیں، جو اعزازی شہریت کی شرائط پر پورا اترتے ہیں، اعزازی شہریت کے لئے 17 مارچ کی تاریخ طے کرنے پر غور کیا جارہا ہے، غیرملکی خاندانوں کے بچوں کو اس روز اعزازی شہریت کے سرٹیفیکٹ دئیے جائیں گے،مئیر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایسے بچوں کو اعزازی شہریت دینے کے لئے ہر سال 20 نومبر کو تقریب منعقد کی جائے، جو بچوں کے حقوق کا عالمی دن بھی ہوتا ہے، مئیر نے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی جلد از جلد غیرملکی خاندانوں کے بچوں کو شہریت دینے کا قانون منظور کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.